لاہور: تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ انہوں نے مزید کہا کہ شیر افضل مروت کو ایک موقع دے رہے ہیں، اگر انہوں نے اب ڈسپلن کا مظاہرہ نہ کیا تو ان کے خلاف کارروائی کریں گے۔
سلمان اکرم راجہ نے پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم بارہا اسٹیبلشمنٹ سے کہہ چکے ہیں جمہوریت کو کچلنے کی کوشش ناکام ہوگی، پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ میں فاصلہ عوام کے لیے اچھا نہیں ہے، اسٹیبلشمنٹ نے ماضی میں برا کیا، اب آگے انہیں رویہ بدلنا ہو گا، اسٹیبلشمنٹ قوم سے معافی مانگے اور الیکشن میں دخل اندازی نہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج کا اعلان جلد کریں گے پیچھے نہیں ہٹیں گے، اس کی تفصیلات یہاں نہیں بتا سکتا شام تک اعلان کریں گے، جلسہ ایک دن کا ہوگا یا دھرنا دینا ہے ہمارے پاس تمام آپشن موجود ہیں۔
پارٹی اختلافات کے بارے میں سوالات کا جواب دیتے ہوئے سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ فواد چودھری جو مرضی کہیں مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، وہ تو پارٹی سے نکلے ہوئے ہیں، بشری بی بی گھریلو خاتون ہیں ان کا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، اسی طرح علیمہ خان بھی بانی پی ٹی آئی کی بہن ہیں جن کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شیر افضل مروت کو ایک موقع دے رہے ہیں، اگر انہوں نے اب ڈسپلن کا مظاہرہ نہ کیا تو ان کے خلاف کارروائی کریں گے۔