10

نان آئل امپورٹس بڑھنے سے زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی قدر میں اضافہ


کراچی:

نان آئل امپورٹس بڑھنے سے طلب ورسد غیر متوازن ہونے اور ایکسپورٹرز کی جانب سے اپنی برآمدی ترسیلات بھنانے کا عمل رکنے کے باعث زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں بدھ کو بھی ڈالر کی پیش قدمی جاری رہی۔

نائب وزیراعظم کی جانب سے امریکی ڈالر کی 240روپے کی حقیقی ویلیو کے بیان اور سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری حجم 60 کروڑ ڈالر بڑھاکر 2ارب 80 کروڑ ڈالر تک کرنے کی خبر سے انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے دوران ڈالر کی قدر ایک موقع پر 12پیسے کی کمی سے 277روپے 62پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی۔ 

اس دوران درآمدی نوعیت کی ڈیمانڈ آنے سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 05پیسے کے اضافے سے 277روپے 79پیسے کی سطح پر بند ہوئے جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 06پیسے کے اضافے سے 278روپے 72پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ 4نومبر کو نئی مانیٹری پالیسی میں شرح سود اگر بڑی نوعیت کی کمی کی گئی تو معیشت میں زرمبادلہ کی طلب میں اضافے کا خدشہ ہے لہذا نئی مانیٹری پالیسی میں تبدیل ہونے والے پالیسی ریٹ کے بعد ہی شرح مبادلہ کی درست سمت کا تعین ہوسکے گا۔



اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں