5

اسرائیلی فوج کی غزہ میں بمباری، مزید 73 فلسطینی شہید

ایک سال سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود غزہ پر اسرائیلی جارحیت رکنے کا نام نہیں لے رہی اور شمالی غزہ میں بیت لاہیا کے قصبے میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں کم از کم 73 افراد شہید ہو گئے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ہفتے کے روز شمالی غزہ کے قصبے بیت لاہیا میں اسرائیلی بمباری میں کئی مکانات اور ایک کثیر المنزلہ رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا گیا جس میں درجنوں افراد شہید ہو گئے۔

ڈاکٹروں اور حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بمباری کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور لوگوں کو ملبے کے نیچے سے نکالا جا رہا ہے۔

غزہ کے میڈیا آفس نے بتایا کہ اس حملے میں کم از کم 73 افراد شہید ہوئے اور وزارت صحت کے ایک سینئر عہدیدار میڈوے عباس نے کہا کہ یہ اعداد و شمار درست ہیں۔

غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے ترجمان محمود بسال نے اے ایف پی کو بتایا کہ ہمارے سول ڈیفنس کے عملے نے شمالی غزہ میں بیت لاہیا کے علاقے میں اسرائیلی فضائیہ کے حملے کے بعد 73 شہدا اور بڑی تعداد میں زخمیوں کو نکالا ہے، ملبے تلے اب بھی شہدا موجود ہیں۔

محمود بسال نے کہا کہ رات گئے حملے میں کئی خاندانوں کی رہائش گاہیں نشانہ بنیں، شہدا میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں کیونکہ اس حملے میں ’گنجان آباد رہائشی علاقے‘ کو نشانہ بنایا گیا۔

فلسطینی محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ دوسرے روز بھی ٹیلی کمیونیکیشن اور انٹرنیٹ سروس منقطع ہونے کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں رکاوٹیں آ رہی ہیں۔

حماس کے میڈیا آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ نسل کشی اور نسلی طور پر صفایا کرنے کی جنگ ہے، قابض فوج نے بیت لاہیا میں ہولناک قتل عام کیا ہے۔


install suchtv android app on google app store

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں