5

ایس سی او اجلاس میں شرکت کیلئے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر پاکستان پہنچ گئے

شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا 23 واں سربراہی اجلاس آج (منگل) سے اسلام آباد میں شروع ہو رہا ہے جس میں شرکت کے لیے مختلف ممالک کے وزرائے اعظم اور سربراہان مملکت کی پاکستان آمد کا سلسلہ جاری ہے اور بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر بھی پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

پاکستان ایس سی او کے سربراہان حکومت کی کونسل کے 2 روزہ اجلاس کی میزبانی کرے گا، جس کی صدارت وزیراعظم محمد شہباز شریف کریں گے۔

تنظیم کے رکن ممالک روس، بیلاروس، قازقستان،کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان کے وزرائے اعظم کے علاوہ ایران کے اول نائب صدر اور بھارت کے وزیر خارجہ اپنے ممالک کی نمائندگی کریں گے۔

چین کے وزیراعظم لی چیانگ اپنے ملک کی نمائندگی کریں گے۔

منگولیا کے وزیراعظم مبصر ریاست کے طور پر اورترکمانستان کے وزرا کی کابینہ کے نائب چیئرمین اور وزیر خارجہ بھی خصوصی مہمان کی حیثیت میں شرکت کریں گے۔

شنگھائی تعاون تنظیم کونسل کے رکن ممالک کے سربراہان حکومت کے اجلاس میں معیشت، تجارت، ماحولیات اور سماجی و ثقافتی روابط کے شعبوں میں تعاون پر بات چیت کی جائے گی اور تنظیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

وزیراعظم شہبازشریف اجلاس کے موقع پر دورے پرآئے ہوئے وفود کے سربراہان سے اہم دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

کانفرنس میں شرکت کے لیے کرغزستان کے وزیراعظم ژاپاروف اکیل بیک پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

منگل کو ژاپاروف اکیل پاکستان پہنچے تو نور خان ایئربیس پر وزیر توانائی مصدق ملک نے معزز مہمان کا استقبال کیا اور انہیں پھول پیش کیے گئے۔

اس کے بعد دوپہر میں بیلاروس کے وزیراعظم رومان گولوف چینکو بھی اپنے وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئے۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بیلاروس کے وزیر اعظم اور ان کے وفد کے اراکین کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں پھول پیش کیے۔

ترکمانستان کے ڈپٹی چئیرمین برائے کابینہ وزرا راشد مریدوف بھی کانفرنس میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گئے۔

بیلاروس کے وزیراعظم رومان گولوف چینکو کو پاکستان آمد پر بچی پھولوں کا گلدستہ پیش کررہی ہے— فوٹو پی آئی ڈی
اسلام آباد انٹرنیشل ایئرپورٹ پر وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے نے ترکمانستان کے سینئر رہنما راشد مریدوف کا استقبال کیا۔

اسی دوران تاجکستان کے وزیر اعظم کوخیر رسول زودہ اسلام آباد پہنچ گئے جن کا اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وزیر تجارت جام کمال نے شاندار استقبال کیا۔

تاجک وزیر اعظم کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا اور انہیں کو پھول پیش کیے گئے جبکہ بچوں نے پاکستان اور تاجکستان کے جھنڈے لہرا کر مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔

وزارت تجارت سے جاری اعلامیے کے مطابق تاجک وزیر اعظم کا دورہ دوطرفہ تعلقات کےفروغ اور تعاون کے سلسلے میں اہم قدم ہے اور ایس سی او میں عالمی رہنماؤں کی شرکت سے علاقائی استحکام کی امیدیں وابستہ ہیں۔


install suchtv android app on google app store

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں