5

ایف بی آر نے جعلی رسیدیں جاری کرنے پر دو ریستوراں سیل کردیے


اسلام آباد:

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)کے ماتحت ادارے ریجنل ٹیکس آفس اسلام آباد نے جعلی رسیدیں جاری کرنے پر دو ریسٹورنٹس سیل کردیے۔

ایف بی آر کے مطابق ایف بی آرکی طرف سے ٹیئرون ریٹیلرز،ریسٹورنٹس کو پوائنٹ آف سیل (پی او ایس) انوائسنگ سسٹم کے ذریعے ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کی کوششوں کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے اورپوائنٹ آف سیل  انعامی اسکیم متعارف کرانے کے بعد ریجنل ٹیکس آفس اسلام آباد نے وفاقی دارالحکومت میں دو معروف ریسٹورنٹس کو جعلی رسیدیں جاری کرنے پر سیل کردیا ہے۔ 

پہلے سے وضع کردہ اور مشتہر شدہ طریقہ کار کے تحت  پوائنٹ آف سیل  ٹریکنگ سافٹ ویئر کے ذریعے جعلی رسیدوں کی تصدیق کے بعد آر ٹی او اسلام آباد کی ٹیم نے ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں بلیو ایریا اور سپر مارکیٹ میں واقع دو ریسٹورنٹس کو سیل کرکے ہر ایک پر  پانچ لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کردیا۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایف بی آر نے پچیس اکتوبر سے پوائنٹ آف سیل  انعامی اسکیم شروع کی ہے، پہلے مرحلے میں یہ اسکیم اسلام آباد میں ٹیئر ون کے ریسٹورنٹس کے لیے متعارف کرائی گئی ہے جسے بعد میں تمام ٹیئر کے ریٹیلرز اور پھر اگلے ماہ سے پورے ملک تک توسیع دی جائے گی۔ 

اس اسکیم کے تحت جو شہری،صارفین ٹیکس آسان ایپ کے ذریعے جعلی رسیدوں کے بارے میں ایف بی آر کو مطلع کریں گے تو اُنہیں مختلف نقد انعامات دیے جائیں گے۔ ایک خاص طریقہ کار کے تحت جعلی رسیدوں کی تصدیق کے بعد ایف بی آرجیتنے والے صارفین کے بینک اکاونٹس میں نقد انعامات براہ راست منتقل کرے گا۔

جن ٹیئر ون ریٹیلرز/ ریسٹورنٹس کے خلاف رپورٹ کی جائے گی انہیں جعلی رسیدیں جاری کرنے پر سیل کر دیا جائےگا، یہ اہم اقدام جعلی رسیدوں کے رجحان کو روکنے کےلیے اٹھایا گیا ہے تاکہ واجب الادا ٹیکس قومی خزانے میں جمع ہو سکیں، ایف بی آر ٹیکس قوانین کے موثر نفاذ کے ذریعے ٹیکس کمپلائنس کو یقینی بنانے کے لیے پر عزم ہے۔



اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں