4

تجاوزارت کے خلاف سیکیورٹی اداروں کے تعاون سے آپریشن اسی ہفتے شروع کرینگے، ایم ڈی سائٹ


کراچی:

ایم ڈی سائٹ غضنفر علی قادری نے کہا ہے کہ انوائرمینٹل تھریٹس کے چیلنجز سے بخوبی آگاہ ہیں، کمبائنڈ ایفولینٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ کوٹری کو تھرڈ پارٹی کے ذریعے چلانے کے لیے جلد ہی ٹینڈرز جاری کر دیے جائیں گے۔

یہ بات انہوں نے جامشورو چیمبر آف کامرس میں کوٹری، حیدرآباد اور نوری آباد کے صنعت کاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ایم ڈی سائٹ لمیٹڈ غضنفرعلی قادری  نے اس موقع پر صنعت کاروں کو اپنے ہر ممکمن تعاون اور ان کے جائز ایشوز ترجیحی بنیادوں  پر حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

انہوں نے کہا کہ کوٹری صنعتی علاقے میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے آپریشن اسی ہفتے شروع کر دیا جائے گا اور اس سلسلے میں کوئی بھی دبائو قبول نہیں کریں گے، صنعتی علاقے میں نئی سڑکوں کی تعمیر شروع کر رہے ہیں جبکہ پرانی سڑکوں کے  پیچ ورکس اور اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب کا کام بھی تقریباً مکمل کیا جاچکا ہے، خار دار جھاڑیوں کی صفائی، بیوٹی فکیشن اور صفائی ستھرائی کا کام صنعت کاروں کے اطمینان تک جاری رہے گا۔ 

ایم ڈی کا کہنا تھا کہ ایفولینٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ کوٹری سے ٹریٹمنٹ کے بعد نکلنے والے پانی کے سیمپل کے نمونوں کی رپورٹ اطمینان بخش ہے، کوٹری صنعتی ایریا میں پانی کی ترسیل اور بلنگ کے نظام کو بھی مزید بہتر کریں گے، علاقے کو دوبارہ سے  مثالی صنعتی ایریا بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور صنعت کاروں کا تعاون درکار ہے۔

اس موقع پر کمشنر حیدرآباد بلال احمد میمن نے علاقے کے مسائل کے حل میں سائٹ لمیٹڈ کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور یقین دہانی کروائی کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن میں سائٹ لمیٹڈ اور صنعت کاروں کو ان کی جانب سے مکمل تعاون ملے گا۔

کمشنر نے کہا کہ صنعتی اسٹیٹس میں صنعت کاروں کے ساتھ بیٹھ کر ان کے مسائل سنیں گے اور ان کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات بھی کیے جائیں گے، صنعتی علاقوں میں تجاوزات قطعی برداشت نہیں کی جائیں گی اس کا جلد ہی فوری خاتمہ کرکے دم لیں گے کوئی سیاسی یا غیر سیاسی دبائو قطعی طور پر برداشت نہیں کیا جائے گا۔

استقبالیہ خطاب میں چیئرمین کوٹری سائٹ ایسوسی ایشن خلیل بلوچ نے ایم ڈی سائٹ غضنفر قادری کے حالیہ اقدامات کی تعریف کی اور کوٹری فائر بریگیڈ کے لیے فائر بریگیڈ کی گاڑی کی فراہمی پران کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم صنعتی علاقے میں امن و امان  اور انفرا اسٹرکچر کی صورتحال کے سبب باہر کے انویسٹر یہاں لانے سے قاصر تھے تاہم سائٹ انتظامیہ کے حالیہ اقدامات کے سبب صورتحال میں نمایاں تبدیلی محسوس کی جا رہی ہے۔

جامشورو چیمبر آف کامرس کے صدر میاں توقیر طارق نے تاجروں اور صنعت کاروں کے چند دیگر اہم ایشوز کا ذکر کرتے ہوئے انتظامیہ پر مزید اقدامات کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔

اس موقع پر کمشنر حیدرآباد بلال احمد میمن، ایم ڈی سائٹ غضنفر قادری، سیکریٹری سائٹ لمیٹڈ یونس ڈاہری  اور دیگر مہمانوں کو سندھی ٹوپی اور اجرک کا تحفہ بھی پیش کیا گیا۔

بعد ازاں ایم ڈی سائٹ غضنفر قادری نے کمشنر حیدرآباد اور صنعت کاروں کے ساتھ کمبائنڈ ایفولینٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ کا دورہ کیا اور وہاں سے ٹریٹمنٹ کیے جانے پانی کے نمونوں اور پلانٹ کی آپریشنل صورتحال کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔



اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں