5

سائنسدانوں کا ایلینز سے متعلق بڑا دعویٰ

انسان کائنات میں کسی خلائی زندگی کو تلاش کرنے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں اور اب تک کامیابی حاصل نہیں ہوسکی ہے۔

اب سائنسدانوں نے اس کا ممکنہ جواب دیا ہے کہ آخر ہم اب تک خلائی مخلوق یا ایلینز کو کیوں تلاش نہیں کرسکے۔

سائنسدانوں کے مطابق اس کی وجہ یہ ہے کہ زمین سے باہر موجود ایلینز خود اپنی بقا کے لیے بہت زیادہ مصروف ہیں کیونکہ ان کے اپنے سیارے بہت زیادہ توانائی کے اخراج کے باعث گرم ہوکر ختم ہوتے جا رہے ہیں۔

آسان الفاظ میں اگر ہماری زمین سے ہٹ کر کسی اور سیارے میں زندگی موجود ہے تو وہاں موسمیاتی تبدیلیوں نے ایلینز کو مصروف کر رکھا ہے۔

اٹلی کی روم یونیورسٹی اور امریکا کی فلوریڈا یونیورسٹی کی تحقیق میں عندیہ دیا گیا کہ توانائی کی بہت زیادہ مقدار استعمال کرنے پر خلائی تہذیبوں کو بھی ہماری طرح موسمیاتی تبدیلیوں جیسے حالات کا سامنا ہوتا ہے جس کے نتیجے میں مخصوص عرصے کے بعد سیارے ناقابل رہائش ہو جاتے ہیں۔

محققین کے مطابق نتائج کافی حد تک شاک کر دینے والے ہیں کہ چند صدیوں کے بعد کسی سیارے کا درجہ حرارت اتنا زیادہ بڑھ جاتا ہے کہ وہاں رہنا ناممکن ہو جاتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ تحقیق سے یہ ممکنہ وضاحت ہوتی ہے کہ آخر جدید ترین ٹیکنالوجی کے باوجود انسان اب تک کسی اور خلائی تہذیب یا کسی قسم کی زندگی کو کیوں دریافت نہیں کرسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘حقیقت تو یہ ہے کہ جب ہم کائنات کو دیکھتے ہیں تو ایسا لگتا ہے وہ بہت خاموش ہے اور ہم سوچتے ہیں کہ یا تو خلائی تہذیبوں کو خود کو بہت اچھی طرح چھپا رکھا ہے یا ہم ہی زیادہ اچھی طرح تلاش نہیں کرسکے، مگر یہ حقیقت نہیں کیونکہ ہم طویل عرصے سے یہ کام کر رہے ہیں’۔

محققین نے کہا کہ اس کی وجہ یہ ہوسکتی ہے کہ انسانوں جیسی ذہین زندگی نایاب ہے یا وہ ایسے معاشرے ہیں جو غیر مستحکم رفتار سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ‘وجہ جو بھی ہو بظاہر جواب یہی ہے کہ بہت زیادہ ترقی یافتہ قدیم تہذیبیں زمین سے باہر موجود نہیں’۔

پیچیدہ ریاضیاتی تخمینے کے بعد محققین نے درجہ حرارت میں اضافے اور توانائی کے استعمال میں اضافے سے مرتب ہونے والے اثرات کا تعین کیا۔

محققین کے مطابق نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ اگر ہر سال توانائی کے استعمال کی شرح میں ایک فیصد اضافہ ہو تو سیارے کے درجہ حرارت میں اضافہ ہونے لگتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نتائج سے واضح ہوتا ہے کہ کسی بھی قسم کی ٹیکنالوجی میں پیشرفت کرنے والا معاشرہ بہت زیادہ عرصے تک برقرار نہیں رہ سکتا اور موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ختم ہو جاتا ہے، اس وجہ سے ممکنہ طور پر ہم اب تک کسی خلائی مخلوق کو دریافت نہیں کرسکے۔


install suchtv android app on google app store

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں