5

سعودی عرب کے وزیرخزانہ کا اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق


WASINGTON:

پاکستان اور سعودی عرب کے وزرائے خزانہ نے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کرلیا ہے۔

وزارت خزانہ سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ واشنگٹن میں عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے موقع پر وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب اور سعودی ہم منصب محمد الجدان کے درمیان اہم سائیڈ لائن میٹنگ ہوئی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق دونوں وزرا کے درمیان ملاقات میں مشترکہ سود مند معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینے، دو طرفہ تجارت بڑھانے اور اہم شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے، اس دوران سعودی وزیر نے توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے اپنا تجربہ بیان کیا اور دونوں فریقین نے مشترکہ مفاد کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

دوسری طرف محمد اورنگزیب نے ترکیہ کے وزیر خزانہ سے ایک علیحدہ ملاقات میں کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے موجودہ حجم کو مزید بڑھایا جاسکتا ہے۔

ترکیہ کے وزیرخزانہ محمت سمسیک کے ساتھ ملاقات کے دوران محمد اورنگزیب نے دونوں ممالک کے درمیان کثیرالجہتی تعاون، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو سراہا۔

وفاقی وزیرخزانہ نے ملاقات کے دوران مزید کہا کہ پاکستان ترکیہ کے توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے تجربے سے سیکھ سکتا ہے اور ترک کمپنیوں کو پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ مشترکہ سود مند منصوبوں میں شراکت داری کی دعوت بھی دی۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب امریکا میں سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری اقتصادی امور، گورنر اسٹیٹ بینک اور مالیاتی شعبے کے دیگر اہم عہدیداروں پر مشتمل پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں، پاکستانی وفد ایک ہفتے کے دورے میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے رہنماؤں کے ساتھ اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں کرے گا۔

وزارت خزانہ نے کہا کہ اس دوران دو طرفہ ملاقاتیں بھی ایجنڈے میں شامل ہیں، جس میں پاکستانی حکام اور چین، سعودی عرب، ترکیہ کے ہم منصبوں سمیت دیگر اتحادیوں کے درمیان بات چیت کا بھی امکان ہے۔



اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں