5

سندھ حکومت تمام قسم کے معذور افراد کیلیے شہر بسانے پر کام کررہی ہے، وزیراعلیٰ


کراچی:

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ڈاؤن سینڈروم بیماری نہیں بلکہ جینیاتی حالت ہے، اس حوالے غلط فہمیاں دور کرنے اور باصلاحیت افراد کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔

 

وزیراعلیٰ سندھ ٹیپو سلطان روڈ پر آڈیٹوریم میں کراچی ڈاؤن سینڈروم پروگرام کی دسویں سالگرہ کے موقع پر کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ کانفرنس کا نعرہ تھا ’’ مشترکہ کل کی جانب قدم ‘‘ سیکریٹری  ڈی ای پی ڈی طٰحہ فاروقی اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ 

 

مراد علی شاہ نے ڈاؤن سینڈروم کا شکار افراد کےلیے حکومت سندھ کی کوششوں پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ سندھ امپاورمنٹ آف پرسنز وتھ ڈس ایبلٹیز ایکٹ 2018  کی منطوری کے بعد رہنما آلات، ووکیشنل ٹریننگ اور آگاہی مہمات کےلیے فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔

 

انہوں نے بتایا کہ حکومت سندھ نے اس سال 2 ارب روپے شراکتی تنظیموں کےلیے مختص کیے ہیں جبکہ کے ڈی ایس پی کےلیے ڈھائی کروڑ روپے الگ رکھے گئے ہیں۔ 

 

وزیراعلیٰ سندھ نے یہ بھی بتایا کہ حکومت کورنگی میں تمام قسم کے معذور افراد کےلیے ایک شہر بسانے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے جس کے لیے 5 ارب روپے کا ابتدائی فنڈ بھی مختص کردیا گیا ہے۔

 

مراد علی شاہ نے کے ڈی ایس پی اور دیگر تنظیموں کے غیرمتزلزل ارادوں کی تعریف کی اور ان کے اقدامات کےلیے مدد کی یقین دہانی کرائی اور ہر کسی کےلیے وقار، آزادی اور مواقع فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ 

 

تقریب ہر ایک شخص کے لیے اس کی صلاحیتوں سے قطع نظر بامعنی اور باعزت زندگی گذارنے کی سماجی کوششوں کو یاد کرنے کا زبردست موقع تھی۔ 

 

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ کے ڈی ایس پی اب تک 2300 خاندانوں کو اپنی خدمات فراہم کر چکی ہے اور ایک جامع معاشرے کے قیام کےلیے اپنا مشن جاری رکھے ہوئے ہے۔

 

 اس موقع پر تابش شہزاد اور علی اللہ والا نے کے ڈی ایس پی کے کام پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ کے ڈی ایس پی عام اسکولوں کے اساتذہ کی تربیت کر رہی ہے تاکہ داؤن سینڈروم کا شکار بچے بھی دیگر بچوں کے ساتھ  تعلیم حاصل کریں اور سیکھیں۔ 

 

ڈاؤن سینڈروم کا شکار افراد کو معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کے قابل بنانے کےلیے سالانہ 25 ہزار اسکل ڈیولپمنٹ سیشن کرائے جاتے ہیں۔ معذور افراد کی مدد کے محکمے کے ساتھ مل کر تعلیمی امداد کو بڑھایا اور چلڈرن ڈے جیسے اجتماعی پروگراموں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ 

 

کے ڈی ایس پی نے ڈاؤن سینڈروم کا شکار افراد کی بہتر تربیت کیلیے گذشتہ سال ڈھائی کروڑ روپے کے فنڈز جمع کیے اور اس سال 5 کروڑ روپے جمع کرنے کا ہدف ہے۔ 

 

اس سے پہلے سول سوسائٹی کے افراد اور وزیراعلیٰ سندھ نے بحیثیت مہمان خصوصی اپنے جذباتی خطاب میں ڈاؤن سینڈروم کا شکار افراد کی مدد اور انہیں کارآمد بنانے کی کوششوں کو سراہا۔ تقریب میں اس بات کو اجاگر کیا گیا کہ پاکستان میں ڈاؤن سینڈروم کا شکار افراد کی امداد کےلیے جدید خطوط پر کام کیا جا رہا ہے۔

 



اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں