5

عدالت نے کارساز ٹریفک حادثہ کیس کی مرکزی ملزمہ کو بری کردیا

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کراچی شرقی نے کارساز ٹریفک حادثہ کیس میں مرکزی ملزمہ نتاشا کو بری کردیا۔ متوفی کے اہل خانہ کی جانب سے صلح نامہ جمع کروانے کے بعد یہ پیش رفت سامنے آئی ہے۔

واضح رہے کہ 26 اکتوبر کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کراچی شرقی کی عدالت میں کارساز حادثہ کیس میں متاثرین کے اہلخانہ نے عدالت میں حلف نامہ جمع کرایا تھا، سماعت کے دوران مرکزی ملزمہ نتاشا عدالت میں پیش ہوئی تھیں۔

حلف نامہ میں کہا گیا تھا کہ ہم اللہ کی رضا کے لیے نتاشا کو معاف کرتے ہیں۔ عدالت نے حلف ناموں کو ریکارڈ کا حصہ بناتے ہوئے سماعت 31 اکتوبر تک ملتوی کردی تھی۔

30 ستمبر کو سندھ ہائی کورٹ نے کارساز حادثے کی ملزمہ نتاشا کی منشیات کے مقدمے میں 10 لاکھ روپے کے عوض ضمانت منظور کرلی تھی۔

قبل ازیں، 6 ستمبر کو کراچی کی مقامی عدالت نے کارساز حادثے کی ملزمہ نتاشا کی مرکزی مقدمے میں ایک لاکھ روپے کے عوض ضمانت منظور کرلی تھی۔

اسی روز کارساز حادثہ کیس کی مرکزی ملزم نتاشا دانش اور جاں بحق ہونے والے دو افراد کے لواحقین کے درمیان معاہدہ ہوگیا تھا۔

یاد رہے کہ 19 اگست کو کراچی میں کارساز روڈ پر تیز رفتار گاڑی بے قابو ہو کر راہ گیروں پر چڑھ دوڑی تھی، حادثے میں باپ بیٹی جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے تھے جبکہ پولیس نے گاڑی چلانے والی خاتون کو گرفتار کرلیا تھا۔

حادثے میں موٹر سائیکل سوار عمران عارف اور اس کی بیٹی آمنہ جاں بحق جبکہ 4 شہری شدید زخمی ہوئے، عینی شاہدین نے بتایا تھا کہ جیپ چلانے والی خاتون اپنے حواس میں نہیں تھیں۔


install suchtv android app on google app store

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں