5

عمران خان کو اڈیالہ جیل میں کون سی سہولیات میسر ہیں؟ انتظامیہ نے وضاحت کردی

راولپنڈی کے اڈیالہ جیل حکام نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کی جانب سے عمران خان کو جیل میں میسر سہولیات کے متعلق پریس کانفرنس کے حوالے سے وضاحت جاری کردی۔

 پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر جیل انتظامیہ نے وضاحت دیتے ہوئے بتایا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اڈیالہ جیل میں ’بی‘ کلاس کی تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، عمران خان کی خوراک، مطالعہ، ورزش کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔

جیل انتظامیہ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے سیل میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی دی جاتی ہے، بی کلاس کے تحت بانی پی ٹی آئی کو اپنا کھانا الگ سے پکانے کے لیے قیدی کک فراہم کیا گیا ہے، پروفیشنل قیدی کک ان کا ناشتہ، دوپہر اور رات کا کھانا ان کی مرضی سے تیار کرتا ہے۔

جیل حکام نے مزید بتایا کہ عمران خان ناشتے میں کافی، چیہ سیڈ، چقندر کا جوس، دہی، چپاتی، بسکٹ اور کھجوریں استعمال کرتے ہیں، دوپہر کے کھانے میں کڑی پکوڑا، دیسی مرغی، دہی، چپاتی، سلاد، گرین ٹی، مٹن کھاتے ہیں جبکہ بانی پی ٹی آئی رات میں دلیہ، کوکونٹ، کوکونٹ جوس اور انگور وغیرہ کھاتے ہیں۔

اڈیالہ جیل حکام نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کا کھانا اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ کی نگرانی میں تیار کیا جاتا ہے، جیل میں متعین ڈاکٹر عمران خان کا دن میں تین مرتبہ معائنہ کرتے ہیں۔

گزشتہ دو ہفتوں کے میڈیکل ٹیسٹ کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان مکمل طور پر صحت یاب ہیں، دو روز قبل پمز ہسپتال کے ڈاکٹروں نے بھی بانی پی ٹی آئی کا معائنہ کیا جبکہ انہیں روزانہ کی بنیاد پر اخبار بھی فراہم کیا جاتا ہے۔

جیل انتظامیہ نے مؤقف اپنایا کہ بانی پی ٹی آئی روزانہ دو گھنٹے ورزش کرتے ہیں، بی کلاس میں بانی پی ٹی آئی کی سیکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل ہیں، سوشل میڈیا اور سیاسی جماعتوں کی طرف سے عمران خان کے حوالے سے پھیلائی جانے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

خیال رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں جیل میں عمران خان کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر سوال اٹھایا تھا۔

انہوں نے پریس کانفرنس میں عمران خان کو قید تنہائی میں رکھنے، اخبار اور ٹی وی فراہم نہ کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔


install suchtv android app on google app store

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں