2

قبائل اور امن کمیٹی کا مشترکہ آپریشن، خوارج کے ٹھکانے نذر آتش، سہولتکار مارا گیا

 

لکی مروت میں خوارج کا قلع قمع کرنے کے لیے قبائل پُرعزم ہیں ۔ پولیس اور امن کمیٹی کے مشترکہ آپریشن میں خوارج کے ٹھکانے نذر آتش کردیے گئے جب کہ ایک سہولت کار مقابلے میں مارا گیا ۔

 

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لکی مروت کے عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ  ہیں۔ دہشت گردی کو جڑ سے اُکھاڑ پھینکنے کے لیے پاک فوج کے ساتھ اب لکی مروت کے عوام نے بھی اس عفریت سے جان چھڑانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

 

ذرائع کے مطابق لکی مروت میں پولیس اور عوامی امن کمیٹی نے مشترکہ آپریشن میں خوارج کےاہم ٹھکانے کو آگ لگا دی جب کہ ایک سہولت کار بھی مقابلے میں مارا گیا۔لکی مروت کے قبائل نے فتنۃ الخوارج کے خلاف کارروائی میں خارجی منتظر اشنا اور خارجی عمران عرف علی کے گھروں کو مسمار کرکے جلا دیا ۔ تصادم کے دوران، خارجی منتظراشنا کا چھوٹا بھائی، جو دہشت گردی کی کارروائیوں کا سہولت کار تھا، فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا۔

 

یہ کارروائی ایک ایسے واقعے کے بعد کی گئی ہے جب لکی مروت کے بہادر رہائشیوں نے بے خوفی سے دہشت گرد کمانڈر فتح وزیر کو  جہنم واصل کردیا تھا۔ 

 

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ لکی مروت کے بہادر سپوتوں کا یہ عمل دہشت گردوں بالخصوص فتنۃ الخوارج کے لیے واضح پیغام ہے کہ اب وہ ان کے ڈر اور خوف میں نہیں آئیں گے۔پولیس اور عوامی امن کمیٹی کی کارروائی دہشت گردی کے سہولت کاروں کو واضح پیغام ہے کہ ان کو ہر گز معاف نہیں کیا جائے گا۔ لکی مروت کے بہادر اور غیور عوام نے ثابت کردیا ہے کہ وہ سکیورٹی فورسز کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہیں۔



اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں