4

قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی ایک بار پھر تبدیل

بورڈ نے اراکان کی تعداد 7 سے کم کرکے صرف 5 کردی (فوٹو: پی سی بی)

بورڈ نے اراکان کی تعداد 7 سے کم کرکے صرف 5 کردی (فوٹو: پی سی بی)

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے سلیکشن کمیٹی ایک بار پھر تبدیل کردی، سلیکشن کمیٹی کی تعداد 7 سے کم کرکے صرف 5 ارکان تک محدود کردی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بورد نے 5 سلیکٹرز کو ہی مکمل طور پر با اختیار بناتے ہوئے پلینگ الیون منتخب کرنے کا حق بھی سونپ دیا ہے، کپتان اور ہیڈ کوچ کو 15 رکنی ٹیم کےساتھ پلینگ الیون منتخب کرنے کے حوالے سے ووٹنگ رائٹس سے بھی محروم کرکے ان کے ہاتھ باندھ دیئے ہیں۔

عاقب جاوید، علیم ڈار، اظہر علی، اسد شفیق اور حسن چیمہ کو پہلی بار تمام اختیارات سونپ دیئے ہیں۔

مزید پڑھیں: پی سی بی نے نئی سلیکشن کمیٹی تشکیل دیدی

15 رکنی ٹیم میں کس کو شامل ہونا چاہیے، اس کا فیصلہ اب یہ پانچوں سلیکٹرز ہی کریں گے۔ کس میچ میں کون سی پلینگ الیون کھیلے گی، یہ فیصلہ بھی اب یہ پانچ سلیکٹرز ہی کریں گے تاہم پندرہ رکنی ٹیموں کے ساتھ 11 ارکان کے انتخاب کے وقت عاقب جاوید، اظہر علی، علیم ڈار، اسد شفیق اور حسن چیمہ ٹیم کپتان اور ہیڈکوچ کے ساتھ مشاورت کے ضرور پابند ہوں گے۔

سلیکٹرز ٹیم انتظامیہ کی رائے ضرور لیں گے تاہم فیصلہ سازی کا مکمل اختیار ان کا اپنا ہوگا۔

مزید پڑھیں: دورہ آسٹریلیا؛ قومی ٹیم کا اعلان نئی سلیکشن کمیٹی کرے گی

پی سی بی نے نئے سلیکٹرز کے چناؤ کے وقت پہلی بار اپنی ویب سائٹ پر جو سلیکشن کمیٹی اپ ڈیٹ کی تھی، اس میں علیم ڈار، عاقب جاوید،اسد شفیق، اظہر علی اور حسن چیمہ کے ساتھ ایکس آفیسو اور نان ووٹنگ رائٹس ممبر کے طورپراسسٹنٹ کوچ اظہر محمود، ایڈوائزر ٹو چیئرمین بلال افضل،ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹر ندیم خان،ڈائریکٹر انٹرنیشنل آپریشنز عثمان واہلہ شامل تھے۔

2 گھنٹے بعد اس کو مزید اپ ڈیٹ کرتے ہوئے سلیکشن کمیٹی ارکان میں کپتان اور ہیڈکوچ کا بھی بطور ووٹنگ ممبر اضافہ کردیا۔ اب تیسری بار اس میں تبدیلی کرتے ہوئے کپتان اور ہیڈکوچ کے ساتھ نان ووٹنگ ارکان اظہر محمود، ندیم خان، بلال افضل اور عثمان واہلہ کو فارغ کردیا ہے۔

مزید پڑھیں: چیمپئینز ٹرافی؛ رواں ہفتہ اہمیت اختیار کرگیا

پی سی بی آفیشل نے ایکسپریس نیوز کے رابطہ کرنے پر اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ویب سائٹ پر جو سلیکشن کمیٹی اب ڈیٹ کی گئی ہے، وہ ہی فائنل اور تمام اختیارات رکھتی ہے۔

ملتان میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کیلئے اسد شفیق، حسن چیمہ، کپتان اور ہیڈکوچ نے جس ٹیم کا انتخاب کیا تھا، اس کو ایک اننگز اور 47 رنز سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ جس کے فوری بعد پی سی بی نے عاقب جاوید، اظہر علی، علیم ڈار کو بطور سلیکٹرز سامنے لانے کا اعلان کیا، ان کی منتخب کردہ ٹیم میں سے بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور سرفراز احمد کو آرام کرواکر حسیب اللہ ، مہران ممتاز، کامران غلام ، فاسٹ بولر محمد علی، اور آف اسپنر ساجد خان کو شامل کیا۔

نعمان علی اور زاہد محمود جو کہ ابتدائی طور پر پہلے تیسٹ اسکواڈ کا حصہ تھے لیکن بعد میں انہیں ریلیز کر دیا گیا تھا،انہیں بھی 16 کھلاڑیوں کے اسکواڈ میں شامل کیا۔



اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں