4

مشہور ڈرامہ ’کبھی میں کبھی تم‘ کی آخری قسط سینما میں دکھانے کا اعلان

مقبول ڈرامے ’کبھی میں کبھی تم‘ کی آخری قسط کو سینماؤں میں دکھانے کا اعلان کردیا گیا۔

گزشتہ ہفتے سے یہ چہ مگوئیاں تھیں کہ ’کبھی میں کبھی تم‘ کی آخری قسط کو سینماؤں میں دکھایا جائے گا اور اب نجی ٹی وی  نے اس کی تصدیق کردی۔

ٹی وی چینل کی انسٹاگرام پوسٹ میں تصدیق کی گئی کہ ڈرامے کی آخری قسط کو آئندہ ماہ نومبر میں سینماؤں میں دکھایا جائے گا۔

ڈرامے کی آخری قسط 5 نومبر کو اسلام آباد، کراچی اور لاہور سمیت ملک بھر کے سینماؤں میں دکھائی جائے گی۔

ڈرامے کا آغاز جولائی کے پہلے ہفتے میں ہوا تھا اور اس کے ذریعے فہد مصطفیٰ نے ایک دہائی بعد ڈراموں میں واپسی کی تھی۔

ڈرامے میں پہلی بار فہد مصطفیٰ اور ہانیہ عامر بھی ایک ساتھ دکھائی دیے تھے، اس کی کہانی فرحت اشتیاق جبکہ ہدایات بدر محمود نے دی ہیں۔

ڈرامے کو اس کی کہانی اور کرداروں کی وجہ سے کافی سراہا جا رہا ہے، اس کی مقبولیت نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت، بنگلہ دیش اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سمیت دیگر ممالک میں بھی دیکھی گئی۔

ڈرامے میں فہد مصطفیٰ اور ہانیہ عامر نے میاں اور بیوی کا کردار ادا کیا ہے جبکہ عماد عرفانی نے فہد مصطفیٰ کے لالچی بھائی کا روپ دھارا ہے، جو دولت کی خاطر ہانیہ عامر سے شادی کرنے سے انکار کردیتے ہیں، جس کے بعد فہد مصطفیٰ ان سے شادی کرتے ہیں۔

ڈرامے میں عماد عرفانی کو دولت کی لالچ میں امیر خاتون یعنی نعیمہ بٹ سے شادی کرتے دکھایا گیا ہے جو کہ شادی کے بعد مزید بگڑ جاتے ہیں اور وہ دوسری شادی شدہ خوبصورت خواتین سے تعلقات بڑھانے کی کوشش بھی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

ڈرامے میں جاوید شیخ اور بشریٰ انصاری نے فہد مصطفیٰ اور عماد عرفانی کے والدین کا کردار ادا کیا ہے۔

’کبھی میں کبھی تم‘ کی آخری قسط کو سینماؤں میں ریلیز کیے جانے کے اعلان پر مداحوں نے خوشی کا اظہار کیا۔

مذکورہ ڈرامے سے قبل بھی پاکستان میں متعدد ڈراموں کی آخری یا پہلی اقساط کو سینماؤں میں دکھایا جاتا رہا ہے۔


install suchtv android app on google app store

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں