3

معروف پاکستانی اسپنر آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کیلئے نامزد

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اکتوبر کے لیے پلیئر آف دی منتھ کی نامزدگیوں کا اعلان کردیا جس میں پاکستان کے لیفٹ آرم اسپنر نعمان علی بھی شامل ہیں۔

آئی سی سی کی ویب سائٹ کے مطابق اکتوبر کے لیے پاکستانی اسپنر نعمان علی، نیوزی لینڈ کے لیفٹ آرم اسپنر مچل سینٹنر اور جنوبی افریقہ کے فاسٹ باؤلر کگیسو ربادا شامل ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں بدترین شکست کے بعد ساجد علی اورنعمان علی کو اسکواڈ میں شامل کیا تھا۔

38 سالہ لیفٹ آرم اسپنر نعمان علی نے انگلینڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں میں مجموعی طور پر 20 وکٹیں حاصل کرکے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

یاد رہے کہ نعمان علی کو پہلی بار آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزد کیا گیا ہے جب کہ آئی سی سی ٹیسٹ باؤلر رینکنگ میں وہ پہلی بار ٹاپ ٹین میں شامل ہوئے، اس وقت وہ نویں نمبر پر موجود ہیں۔

نعمان علی نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں 147 رنز کے عوض 11 وکٹیں حاصل کیں جب کہ تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں 130 رنز دےکر 9 وکٹیں حاصل کیں۔

دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 297 رنز کا ہدف دیا تو ایسے میں نعمان علی انگلش بیٹرز کے لیے چینلج بن گئے، انہوں نے دوسری اننگز میں کیریئر بیسٹ 8 وکٹیں حاصل کیں، جس سے قومی ٹیم کو 2021 کے بعد ہوم گراؤنڈ میں جیت نصیب ہوئی۔

صرف باؤلنگ ہی نہیں بلکہ نعمان علی نے بیٹنگ میں بھی نمایاں کردار ادا کیا، خاص طور پر تیسرے ٹیسٹ میں سعود شکیل کے ساتھ ان کی شراکت اور 45 رنز کی اننگز کی بدولت پاکستان کو 77 رنز کی برتری حاصل ہوئی جس سے قومی ٹیم نے میچ اور سیریز میں کامیابی حاصل کی۔

نیوزی لینڈ کے اسپنر مچل سینٹنر نے بھارت کے خلاف نیوزی لینڈ کی تاریخی جیت میں اہم کردار ادا کیا، انہیں واحد ٹیسٹ میچ میں موقع ملا جس میں انہوں نے دونوں اننگز میں 5،5 وکٹیں حاصل کیں اور مجموعی طور پر میچ میں 13 وکٹیں حاصل کیں۔

جنوبی افریقہ کے فاسٹ باؤلر کگیسو ربادا نے بنگلہ دیش کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 14 وکٹیں حاصل کرکے جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔


install suchtv android app on google app store

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں