9

وزیراعظم شہباز شریف اتوار کو سعودی عرب روانہ ہوں گے


اسلام آباد:

 

وزیراعظم شہباز شریف اتوار کو سعودی عرب روانہ ہوں گے۔

 

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے دورۂ سعودی عرب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ بھی ان کے ساتھ ہوں گے۔

 

وزیراعظم سعودی عرب میں اسلامی کانفرنس میں شرکت کے علاوہ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

 

 

واضح رہے کہ  وزیراعظم نے حال ہی میں سعودی عرب کا دورہ کیا تھا، جس کے بعد انہوں نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں خطاب کے دوران اس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی حکومت سے وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، پھر ولی عہد محمد بن سلمان سے ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں شہزادہ محمد بن سلمان نے ایک بار پھر پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پاکستان کی ترقی اور سرمایہ کاری کے حوالے سے دوستانہ گفتگو کی۔

 

وزیراعظم نے کہا تھا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے اپنی سرمایہ کاری ٹیم بھیجی ہے جن سے تفصیلی میٹنگ ہوئی جس میں سولر، مائنز اینڈ منرل، ایگری کلچر اور دوسرے باہمی امور کے مفادات پر بات چیت ہوئی پھر پریس کانفرنس بھی ہوئی، اب ایک سے دو دن میں ہمارا ایک وفد سعودی عرب روانہ ہوگا۔

 

 

علاوہ ازیں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بھی گزشتہ دنوں سعودی ولی  عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی، جس میں علاقائی امن، دفاعی اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اس موقع پر پاکستان کے لیے ولی عہد کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور خطے میں امن اور استحکام کے لیے ان کے کردار کو سراہا۔ علاوہ ازیں آرمی چیف نے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان اور دیگر اعلیٰ عسکری حکام سے بھی ملاقاتیں کیں، ملاقاتوں میں دفاعی اور سیکیورٹی تعاون مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔



اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں