2

وزیر اعظم سے روسی ہم منصب کی ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

وزیر اعظم شہباز شریف سے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کے موقع پر روس کے وزیر اعظم میخائل مشوستنکی نے ملاقات کی۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر اعظم سے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان حکومت کے 23 ویں اجلاس کے موقع پر جمہوریہ روس کے وزیر اعظم میخائل مشوستنکی کی ملاقات وزیر اعظم ہاؤس میں ہوئی۔

بیان کے مطابق دونوں وزرائے اعظم نے دوطرفہ تعاون کے تمام شعبوں پر تبادلہ خیال کیا اور گزشتہ دو دہائیوں کے دوران پاکستان اور روس کے مابین تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے تجارت، صنعت، توانائی، علاقائی روابط، سائنس، ٹیکنالوجی اور تعلیم کے شعبوں میں مضبوط بات چیت اور تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

شہباز شریف نے اپنے پہلے دورہ ماسکو کا بھی ذکر کیا جو کہ ان کا کسی بھی ملک کا پہلا دورہ تھا۔

وزیر اعظم نے اپنے دورے کی یادوں کو دونوں ممالک کے مابین تعلقات کی مضبوطی میں تبدیل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

شہباز شریف نے روس کے ساتھ دوطرفہ سیاسی، اقتصادی اور دفاعی مذاکرات کو تیز کرنے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ اور شنگھائی تعاون تنظیم سمیت کثیرالجہتی فورمز پر تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

شہباز شریف نے برکس میں پاکستان کے لیے تعاون پر روسی وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے رواں برس جولائی میں آستانہ میں صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ اپنی نتیجہ خیز ملاقات کا ذکر کیا جس کے دوران انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے مزید فروغ پر اتفاق کیا تھا۔

وزیر اعظم نے پاکستان اور روس کے مابین مواصلاتی روابط کے فروغ کے لیے براہ راست پروازوں کی اہمیت پر زور دیا۔

روسی وزیراعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم کے 23ویں سربراہان حکومت اجلاس کے لیے پاکستان کی جانب سے کیے گئے شاندار انتظامات کی تعریف کی۔

انہوں نے پاکستان کی حکومت اور پاکستانی عوام کی جانب سے روسی وفد کے پرتپاک استقبال اور شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے ملاقات میں روس پاکستان تعاون کو مزید فروغ دے کر نئی بلندیوں پر پہنچانے کی اپنی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

ملاقات میں دونوں وزرائے اعظم نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں پر تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا، دونوں رہنماؤں نے عوامی روابط کے فروغ کے لیے روسی اور اردو زبان کے تدریسی تبادلوں اور سرمایہ کاری و تجارت کی سہولت کیلئے بینکنگ شعبے میں تعاون کے فروغ پر بھی اتفاق کیا۔


install suchtv android app on google app store

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں