18

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور منظر عام پر آگئے

خیبر پختونخوا کے وزیرا علیٰ علی امین گنڈاپور 24 گھنٹے سے زائد منظر عام سے غائب رہنے کے بعد اچانک صوبائی اسمبلی میں پہنچ گئے۔ گزشتہ روز سے منظر عام سے غائب وزیرا علیٰ علی امین گنڈاپور اچانک خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس میں پہنچے۔ وزیر اعلیٰ کی آمد پر ایوان میں نعرے بازی کی گئی اور علی امین گنڈاپور اراکین اسمبلی سے ملاقات کی۔

اسمبلی سے خطاب میں علی امین کا کہنا تھاکہ پورے پاکستان کی عوام کو سلام پیش کرتا ہوں، عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ بانی پی ٹی آئی کےساتھ کھڑےہیں، پہلے ہم سے پارٹی نشان چھینا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو فارم 45 پر سوا چار کروڑ ووٹ ملا ہے، ہمیں جلسہ کرنے کی اجازت نہیں ہے، ہم لوگوں نے مینار پاکستان پر جلسہ کی اجازت مانگی، نہیں دی گئی، منصوبہ بندی سے ہماری پارٹی پر حملہ کیا گیا۔

علی امین گنڈا پور کاکہنا تھاکہ ڈی چوک پر پہنچنے کا کہا تھا اور وہیں پر پہنچے، کل اسلام آباد پولیس نے کے پی ہاؤس پر دھاوا بولا، شیلنگ کی، توڑ پھوڑ کی، اسلام آباد پولیس کی کارکردگی دیکھیں ، میں ساری رات وہیں تھا،انہیں نہیں ملا۔

انہوں نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد کو کے پی اسمبلی کے فلور پر آکر معافی مانگنا ہوگی، آئی جی اسلام آباد کو کہتا ہوں، گرفتار کرنا ہے تو کرے، میں یہاں کھڑا ہوں، پی ٹی آئی چھوڑنے والوں نے پٹھانوں کی بے عزتی کی ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی مبینہ گمشدگی کے حوالے سے طلب ہنگامی اجلاس 5 گھنٹے کی تاخیر کے بعد شروع ہوا جس میں وزیر اعلیٰ کے لاپتا ہونے اور خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد پر دھاوا بولنے کے خلاف قرار داد پیش کردی گئی۔

خیبر پختونخوا اسمبلی کے اجلاس کی صدارت اسپیکر بابر سلیم سواتی نے کی جب کہ اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے اجلاس کی طلبی کے جاری مراسلہ میں کہا گیا کہ اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے اغوا ہونے کے معاملے پر بحث کی جائے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ اجلاس میں خیبر پختونخوا ہاؤس میں خواتین اور بچوں کے ساتھ بدتمیزی کے معاملے کو بھی زیر بحث لایا جائے گا۔

اجلاس سے قبل پی ٹی آئی کے کارکن خیبر پختونخوا اسمبلی کے احاطے میں داخل ہوگئے، داخل ہونے والوں میں خواتین ورکرز بھی شامل ہیں جب کہ کارکنوں نے پارٹی پرچم بھی اٹھائے ہوئے ہیں۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر تحریک انصاف کے احتجاج کی وجہ سے خیبر روڈ کو ٹریفک کی آمدورفت کے لیے بند کردیا گیا جب کہ داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات ہے۔


install suchtv android app on google app store

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں