5

وفاقی کابینہ کا اجلاس آج پھر ہوگا، مسودے کی منظوری کا امکان

وفاقی کابینہ کا اجلاس آج دوبارہ ہوگا، جس میں آئینی ترمیم کا مسودہ منظور کیے جانے کا امکان ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا اجلاس آج دوپہر 12 بجے ہوگا، جس میں حکومتی اتحادی جماعتوں کے اتفاق رائے کے نتیجے میں آج مجوزہ آئینی ترامیم کے مسودے کی منظوری کا امکان ہے۔

قبل ازیں وفاقی کابینہ کا اجلاس گزشتہ روز شام ساڑھے سات بجے ہوا تھا، جس میں وفاقی وزرا اور کابینہ کے ارکان شریک ہوئے، تاہم کسی اعلامیے کے بغیر اجلاس بغیر کسی کارروائی کے آج ہفتے کے روز تک ملتوی کردیا گیا تھا، جو کہ آج دوپہر 12 بجے ہوگا۔

دریں اثنا متوقع طور پر وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد آئینی ترمیم کو منظوری کے لیے سینیٹ میں پیش کیا جائے گا اور اس کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کل اسے قومی اسمبلی سے منظور کروایا جائے گا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے گزشتہ روز 2 مرتبہ مولانا فضل الرحمٰن سے آئینی ترامیم کے مسودے پر اتفاق رائے کے حوالے سے ملاقاتیں کی تھیں۔ اس سے قبل دیگر حکومتی رہنما بھی مولانا فضل الرحمن سے ملے تھے جب کہ پاکستان تحریک انصاف کا وفد بھی مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کے لیے ان کے گھر پہنچا تھا، جس میں بیرسٹر گوہر، حامد خان اور بیرسٹر علی ظفر شامل تھے۔

سینیٹ اجلاس کا وقت تبدیل

آج ہونے والے سینیٹ اجلاس کا وقت تبدیل کردیا گیا، جو اب دوپہر ساڑھے 12 بجے ہوگا۔ گزشتہ روز ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اجلاس صبح گیارہ بجے تک کے لیے ملتوی کیا تھا۔

دریں اثنا آج کے سینیٹ اجلاس کا 6 نکات پر مشتمل ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے، جس میں آئینی ترمیمی بل شامل نہیں کیا گیا۔ قائدایوان اسحاق ڈار وقفہ سوالات کو معطل کرنے کی تحریک پیش کریں گے جب کہ وزیرخزانہ بینکنگ کمپنیز ترمیمی بل، 2024 منظوری کے لیے پیش کریں گے۔


install suchtv android app on google app store

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں