9

وقار یونس سے اہم ریکارڈ چھن گیا

بنگلہ دیش کے خلاف میرپور میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے دوران جنوبی افریقہ کے فاسٹ باؤلر کگیسو ربادا نے تیز ترین 300 وکٹیں حاصل کرکے پاکستان کے فاسٹ باؤلر وقار یونس کا ریکارڈ توڑ دیا۔

بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے ابتدائی میچ میں میزبان ٹیم پہلے ہی دن صرف 106 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئی۔

بنگلہ دیش کے 7 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکے، محمود الحسن جوئے 30 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے جب کہ تیج الاسلام 16، مہدی حسن مرزا 13 اور مشفق الرحیم 11 رنز بناکر نمایاں رہے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کگیسو ربادا، ویان ملڈر اور کیشو مہاراج نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔

بنگلہ دیش کے 21 پر 3 کھلاڑی آؤٹ تھے، ایسے میں ربادا نے وکٹ کیپر بلے باز مشفق الرحیم کو آؤٹ کرکے اپنے کیریئر کی 300ویں وکٹ حاصل کی۔

ربادا تیز ترین 300 وکٹیں حاصل کرنے کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگئے، انہوں نے یہ کارنامہ 11 ہزار 817 گیندوں پر انجام دے کر وقار یونس کا ریکارڈ توڑا، جنہوں نے 12 ہزار 602 گیندوں پر یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں طلبہ احتجاجی تحریک کے نتیجے میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کے بعد ملک میں یہ پہلی کرکٹ سیریز ہورہی ہے۔

گزشتہ ماہ تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے بنگلہ دیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن نے اپنی آخری ریڈ بال سیریز ملک میں کھیلنے کی خواہش ظاہر کی تھی تاہم وہ سیکیورٹی وجوہات کی وجہ سے سیریز میں شرکت نہیں کررہے ہیں۔

شکیب الحسن نے حالیہ انتخابات میں وزیر اعظم شیخ حسینہ کی حکمران جماعت عوامی لیگ پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا تھا جس میں انہیں کامیابی حاصل ہوئی تھی جب کہ بنگلہ دیش میں مظاہروں کے دوران سیکڑوں اموات میں ایک نوجوان کے والد رفیق السلام نے شکیب الحسن سمیت 155 افراد کو قتل کے مقدمے میں نامزد کیا تھا۔


install suchtv android app on google app store

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں