5

پختونخوا میں 8 ارب روپے کی لاگت سے اپنی پاور ٹرانسمیشن لائن بچھانے کا فیصلہ

 

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے 8 ارب روپے کی لاگت سے اپنی پاور ٹرانسمیشن لائن بچھانے کا فیصلہ کرلیا۔

 

مشیر اطلاعات کے پی کے بیرسٹر سیف نے  اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں خیبر پختونخوا ایک بار پھر دیگر صوبوں پر سبقت لے گیا۔ صوبے میں صنعتی انقلاب برپا کرنے کے لیے اپنی پاور ٹرانسمیشن لائن بچھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اپنی ٹرانسمیشن لائن بچھانے والا پہلا صوبہ بن گیا ہے۔ صوبائی حکومت نے اس سلسلے میں ایک نجی کمپنی سے باقاعدہ معاہدہ کر لیا ہے، جس کے تحت 8 ارب روپے کی لاگت سے اس انقلابی منصوبے کو ڈیڑھ سال میں مکمل کیا جائے گا۔

 

بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ ٹرانسمیشن لائن کے ذریعے صنعتوں کو انتہائی سستی بجلی فراہم کی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں سوات کے مٹلتان سے مدین تک 40 کلومیٹر ٹرانسمیشن لائن بچھائی جائے گی۔ پہلے مرحلے کی تکمیل سے صوبے کو سالانہ 7 ارب روپے آمدن ہوگی۔

 

صوبائی مشیر نے کہا کہ سوات میں پیدا ہونے والی بجلی مقامی صنعتوں اور نیشنل گرڈ اسٹیشن کو فراہم کی جائے گی۔ منصوبے کی تکمیل سے صوبے میں توانائی اور صنعتی شعبے میں انقلاب آئے گا۔



اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں