6

پی ٹی آئی کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی اور نہ کوئی ڈیل ہوگی، عرفان صدیقی


اسلام آباد:

سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ ( ن) کے پارلیمانی لیڈر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستنا تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی اور نہ کوئی ڈیل ہوگی۔

سرکاری خبرایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی نے نشان دہی کی کہ پی ٹی آئی سیاسی فائدے کے حصول کے لیے پروپیگنڈے اور سازشی نظریوں کو بروئے کار لانے کا ماضی رکھتی ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قانون کا اطلاق تمام قیدیوں پر یکساں طور پر کیا جائے گا، اس میں کوئی رعایت نہیں کی جائے گی، 9 مئی کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں کو ملک میں عدم استحکام پیدا نہیں کرنا چاہیے، جیسا کہ پی ٹی آئی کا کردار رہا ہے۔

غیر جانب دار عدلیہ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدلیہ کو آئین و قانون کی بنیاد پر فیصلے کرنے چاہئیں اور امید ہے عدلیہ قانون پر عمل درآمد میں مساوات کا اصول برقرار رکھے گی اور اس امر کو یقینی بنائے گی کہ انصاف کی غیرجانب دارانہ اور شفاف فراہمی جاری رہے۔

ایک سوال پر سینیٹر عرفان صدیقی نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی اور نہ کوئی ڈیل کی جائے گی۔

حکومتی سینیٹر نے یہ واضح کیا کہ نواز شریف کا حالیہ دورہ امریکا صرف اور صرف ذاتی طبی معائنے کے لیے ہے، نواز شریف 2 سے 3 ہفتے امریکا میں گزاریں گے۔

ایک اور سوال پر انہوں نے فلسطین کے حوالے سے پی ٹی آئی کے مؤقف پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے نشان دہی کی کہ جب فلسطین کے لیے قرارداد منظور کی گئی تو اس وقت پی ٹی آئی نے اس معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لیا اور اس پر دستخط کرنے سے انکار کیا اور ان کا یہ اقدام شرم ناک تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ترقی کر رہا ہے اور اس ترقی میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی، پی ٹی آئی اجازت کے بغیر عوامی اجتماعات نہیں کر سکتی اور اگر انہوں نے اس اصول کی خلاف ورزی کی تو انہیں نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔



اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں