18

کراچی؛ پارسل کے ذریعے سعودی عرب آئس کرسٹل پاوڈر اسمگل کرنیکی کوشش ناکام

فوٹو : اسکرین گریب

فوٹو : اسکرین گریب

  کراچی: پاکستان کسٹمز جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کلکٹریٹ کی جانب سے انٹرنیشنل میل آفس پر ایک کارروائی میں پارسل کے ذریعے سعودی عرب آئس کرسٹل پاوڈر اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

ایڈیشنل کلکٹر جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ فیصل خان نے ایکسپریس کو بتایا کہ کتابوں پر مشتمل یہ پارسل حیدر آباد سے مجاہد جاوید خان کے نام پر ریاض سعودی عرب کے لیے بک کرایا گیا تھا۔

ایڈیشنل کلکٹر کے مطابق خفیہ نیٹ ورک کی اطلاعات پر کلکٹریٹ کی جانب سے انٹرنیشنل میل آفس میں بیرون ملک سے آنے اور جانے والے پارسلز میں مہنگی منشیات کی انسداد اسمگلنگ کے لیے نگرانی سخت کی گئی ہے یہی وجہ ہے کہ انٹرنیشنل میل آفس میں آنے والے ایک مشکوک پارسل کی اسکیننگ کی گئی تو کتابوں پر مشتمل اس پارسل میں آئس کرسٹل پاوڈر کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ پارسل میں موجود کتابوں کی جلد میں انتہائی مہارت کے ساتھ ایک کلوگرام آئس کرسٹل پاوڈر چھپایا گیا تھا، برآمد ہونے والے آئس کرسٹل پاوڈر کی مالیت 1کروڑ 50لاکھ روپے ہے۔ کسٹمز حکام نے برآمد ہونے والے آئس کرسٹل منشیات کی نارکوٹکس چیکنگ کٹ سے باقاعدہ ٹیسٹ کرکے تصدیق بھی کروا لیا ہے۔

فیصل خان نے بتایا کہ کسٹمز نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے پارسل بھجوانے والے ملزمان کی گرفتاری کی کوشش کی جا رہی ہے۔



اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں