[ad_1]
وٹامن ڈی کا ہماری زندگی اور ہمارے جسم سے گہرا تعلق ہے جس کی کمی بہت سی بیماریوں میں مبتلا کر دیتی ہے۔
جرنل آف دی اینڈوکرائن سوسائٹی میں شائع ایک تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ وٹامن ڈی بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ وٹامن ڈی کو کیلشیم کے ساتھ استعمال کیا جائے تو یہ موٹاپے کا شکار افراد اور عمر رسیدہ افراد میں ہائی بلڈپریشر کو قابو میں رکھ سکتا ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ اس مطالعے کیلئے 221 افراد نے حصہ لیا جن کی عمر 65 سے زیادہ تھی اور ساتھ ہی انہیں زیادہ وزن کی بھی شکایت تھی، ایسے افراد کو 2 گروہوں میں تقسیم کیا گیا اور ان میں وٹامن ڈی کا تناسب 10سے 30 ng/mL تھا۔
جسم میں 30 ng/mL سے کم کسی بھی چیز کو ناکافی سمجھا جاتا ہے جبکہ 20 سے کم مقدار کو کمی تصور کیا جاتا ہے۔
محققین نے ایک گروپ کو کم تو دوسرے کو زیادہ مقدار میں وٹامن ڈی دی، جن کا شرکا نے ایک سال تک استعمال کیا، تحقیق کا نتیجہ یہ نکلا کہ دونوں گروپس میں ہائی بلڈپریشر میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔
تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ وٹامن ڈی کا استعمال کرنے والے افراد اپنی ہڈیوں کی صحت کو بڑھا سکتے ہیں، ساتھ ہی ہڈی کے ٹوٹنے کے خطرے کو بھی کم کر سکتے ہیں۔
محققین کے مطابق وٹامن ڈی کو سورج کی روشنی سے حاصل کیا جا سکتا ہے لیکن سالمن مچھلی، مشروم اور انڈے سمیت دیگر کھانوں سے بھی اس وٹامن کی کمی کو دور کیا جا سکتا ہے۔
[ad_2]