[ad_1]
بھارتی ریاست گجرات میں مردہ قرار دیا گیا شخص جب اپنی ہی یاد میں منعقد تقریب میں پہنچا تو اہل خانہ و دیگر کو اپنی آنکھوں پر یقین نہ آیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 43 سالہ برجیش سوتھار ذہنی مسائل اور اسٹاک مارکیٹ میں پیسے ڈوبنے کی وجہ سے شدید تناؤ میں تھے اور 27 اکتوبر 2024 کو احمد آباد میں واقع اپنی رہائش گاہ سے اچانک غائب ہوگئے تھے۔
اہل خانہ نے کئی دنوں تک برجیش سوتھار کو تلاش کیا اور بعد میں پولیس میں گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی۔
10 نومبر 2024 کو جب پولیس کو سابرمتی پُل کے قریب سے ایک گلی سڑی لاش ملی تو حکام نے برجیش سوتھار کے خاندان کو شناخت کیلیے بلایا، تاہم بہنوئی اور دیگر رشتہ داروں نے غلطی سے اس کو برجیش سوتھار کی لاش قرار دیا اور گھر لے جا کر آخری رسوم ادا کی۔
14 نومبر کو گھر میں برجیش سوتھار کیلیے ایک یادگاری تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں رشتے دار اور قریبی دوست موجود تھے۔ تقریب میں تمام لوگ موجود تھے کہ اس دوران اچانک برجیش سوتھار کی انٹری ہوئی اور ہر کوئی ہکا بکا رہ گیا۔
برجیش سوتھار کے دوبارہ منظر عام پر آنا خاندان اور پولیس دونوں کیلیے حیرانی کا باعث بنا۔ بعدازاں، پولیس نے تصدیق کی کہ جس لاش کی شناخت کیلیے برجیش سوتھار کے اہل خانہ کو طلب کیا گیا تھا دراصل وہ کسی اور کی تھی۔
پولیس نے اُس لاش کی دوبارہ تحقیقات شروع کر دی اور یہ بھی معلوم کیا جا رہا ہے کہ برجیش سوتھار کہا لاپتا ہوگئے تھے۔
[ad_2]