[ad_1]
ناریل کا پانی دنیا کے بہترین مشروب میں سے ایک ہے۔ ناریل جو باہر سے سخت لیکن اندر سے نرم ہوتا ہے، اسے مختلف پکوانوں میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
اسے تازہ اور خشک دونوں طرح استعمال کیا جاتا ہے، جبکہ اس کا پانی غذائیت سے بھرپور ہوتا ہے جسے بچوں کے ڈبے کے دودھ سے بہتر تسلیم کیا گیا ہے، یہی وجہ ہے کہ ناریل پانی کئی بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے۔
غذائی ماہرین کے مطابق ناریل کے پانی میں وٹامن بی، وٹامن سی، کیلشیئم، میگنیشیئم، پروٹین اور آئرن پایا جاتا ہے جبکہ اس میں کیلوریز اور چکنائی کم ہوتی ہے۔
ناریل پانی کس موسم میں زیادہ فائدہ مند؟
ناریل پانی باآسانی پاکستان بھر میں دستیاب ہے، جو زیادہ مہنگا بھی نہیں ہے، ہر کوئی اسے آسانی سے خرید سکتا ہے۔
موسم چاہے سردی کا ہو یا گرمی کا، ناریل کا پانی اچھی صحت کے لیے مفید ہے۔
غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ ناریل کا پانی صرف گرمیوں میں ہی نہیں بلکہ پورا سال استعمال کیا جانا مفید ثابت ہوتا ہے لیکن اگر اسے سخت گرمیوں میں استعمال کیا جائے تو صحت پر اس کا کافی مثبت اثر مرتب ہوتا ہے۔
ناریل پانی کے صحت پر اثرات
تحقیق سے واضح ہے کہ ایسے افراد جو ناریل کا پانی باقاعدگی سے استعمال کرتے ہیں ان میں ناصرف خون کی گردش بہتر ہوتی ہے بلکہ ان کا فشارِ خون بھی معمول پر رہتا ہے اور ایسے افراد میں دل کے دورے سمیت دیگر دل کے امراض دوسروں کے مقابلے میں کم ہوتے ہیں، یہی نہیں ناریل کا پانی خون میں شکر کی مقدار کو بھی کنٹرول کرتا ہے۔
ناریل پانی پینے کا صحیح وقت؟
دوسرے مشروبات کے بر عکس، ناریل کا پانی پینے کا بہترین وقت کوئی نہیں ہے، دن میں اور یہاں تک کہ رات کے وقت بھی اس سے لطف اندوز ہوا جا سکتا ہے لیکن کچھ مخصوص اوقات میں اسے پینا یقیناً فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔
صبح سویرے خالی پیٹ پینا
صبح خالی پیٹ ناریل پانی پینا کئی طریقوں سے مددگار ثابت ہو سکتا ہے، ناریل پانی میں لوری ایسڈ ہوتا ہے جو قوتِ مدافعت کو بڑھانے، میٹابولزم کو تیز کرنے اور وزن میں کمی لانے میں مدد دیتا ہے۔
پانی کی کمی اور قبض سے بچاؤ کے لیے حاملہ خواتین کو اکثر ناریل پانی پینے کا مشورہ دیا جاتا ہے، یہ تیزابیت اور سینے کی جلن کو دور کرنے میں بھی مدد کرتا ہے، جو حمل کی عام علامات ہیں۔
سونے سے قبل
ناریل پانی ذہنی دباؤ سے لڑنے اور دماغ کو پُرسکون کرنے کے لیے بہترین مشروب قرار دیا جاتا ہے، مزید یہ کہ سونے کے وقت ناریل پانی پینا جسم میں موجود تمام زہریلے مادوں کو نکالنے اور پیشاب کی نالی کو صاف کرنے میں معاون ہو سکتا ہے، اس طرح انفیکشن اور گردے کی بیماریوں سے بھی بچا جا سکتا ہے۔
یاد رکھیں کہ ناریل کا پانی دن میں صرف ایک بار اور ایک ناریل کا پانی ہی استعمال کریں۔
ناریل پانی سے چہرے کا مساج
اگر چہرے پر کیل مہاسوں سے پریشان ہیں تو فوری طور پر ناریل کے پانی سے چہرے کا مساج کریں جو چہرے پر پھنسیوں کے خاتمے کے لیے بھی مفید ہے، یہی نہیں ناریل کا پانی ہاتھوں کو نرم اور ناخنوں کو خوبصورت رکھنے کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
[ad_2]