[ad_1]
پرتھ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں بھارت نے آسٹریلیا کو 295 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔
آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے پرتھ میں کھیلے گئے پہلے میچ کا فیصلہ چوتھے دن بھارت کی فتح کی صورت میں سامنے آ گیا۔ مہمان ٹیم نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ ہر شعبے میں کینگروز کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 295 رنز کے بھاری مارجن سے فتح حاصل کی۔
بھارتی ٹیم پہلی اننگ میں یکسر ناکام رہی اور پوری ٹیم 150 رنز پر ڈھیر ہوگئی تاہم اس کے بعد شاندار طریقے سے کم بیک کرتے ہوئے میچ اپنے نام کیا۔
بھارت کے پہلی اننگ کے 150 رنز کے جواب میں آسٹریلوی بیٹنگ لائن بھارتی پیسرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 104 رنز کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئی۔
کینگروز کی بیٹنگ میں دراڑ بھارتی کپتان جسپرت بمراہ نے ڈالی جنہوں نے پہلی اننگ میں 5 وکٹیں حاصل کیں۔
پہلی اننگ میں 46 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد دوسری اننگ میں بھارتی ٹیم ایک الگ رنگ میں ہی نظر آئی اور آسٹریلوی بولرز پر حاوی رہی۔
مہمان ٹیم نے یشوی جیسوال کے 161 اور ویرات کوہلی کے نا قابل شکست 100 سے تقویت پاتے ہوئے 6 وکٹوں پر 487 رنز بنا کر اننگ ڈیکلیئر کر دی اور آسٹریلیا کو جیت کے لیے 544 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا جس کے تلے کینگروز بری طرح دب گئے۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا ٹاپ آرڈر مکمل طور پر ناکام رہا اور کینگروز دوسری اننگ میں بھارتی پیسرز کی تاب نہ لاتے ہوئے 238 رنز پر آل آؤٹ ہوگئے۔
79 رنز پر پوری ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔ اس موقع پر ٹریوس ہیڈ (89) اور مچل مارش (47) نے کچھ مزاحمت کی لیکن یہ جیت کے لیے نا کافی تھی۔
جسپریت بمراہ اور محمد سراج نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ بمراہ کو میچ میں 8 وکٹیں حاصل کرنے پر بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 5 دسمبر سے ایڈلیڈ میں شروع ہوگا جو ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔
واضح رہے کہ مذکورہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل 25-2023 کا حصہ ہے۔ بھارت کو فائنل میں براہ راست رسائی کے لیے سیریز میں لازمی فتح درکار ہے۔ شکست یا ڈرا ہونے کی صورت میں اس کو دیگر ٹیموں کے نتائج پر انحصار کرنا پڑے گا۔
[ad_2]