15

کچھ عناصر نوجوانوں کو مذہبی اور سیاسی انتہا پسند بنانا چاہتے ہیں: بلاول بھٹو

[ad_1]

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمارے درمیان ایسی سوچ رکھنے والے عناصر موجود ہیں جو نوجوانوں کو مذہبی اور سیاسی انتہا پسند بنانا چاہتے ہیں، جب کہ ہماری خواہش ہے کہ نوجوان ترقی کریں اور روزگار کمائیں۔

کراچی کے علاقے لیاری میں سندھ پنک فٹبال ٹورنامنٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ بعض عناصر نوجوانوں کومذہبی ،لسانی اور سیاسی انتہاپسند بناناچاہتے ہیں، ایسے عناصر ہمارے اور ہمسایہ ملک میں موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ پاکستان کی 70 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، سب جانتے ہیں کہ اس ملک کا مستقبل نوجوان ہیں، ان شا اللہ میں اور آپ ملکر نوجوانوں کی ترقی کا بندوبست کریں گے۔

بلاول نے کہا کہ کچھ ایسی سوچ رکھنے والے ہیں جو خواتین کو ترقی کرتے نہیں دیکھنا چاہتے، ان کے لیے میں سمجھتا ہوں، سب سے بہترین جواب یہ خواتین ہیں جو میرے پیچھے کھڑی ہیں، یہ خواتین کراچی، حیدرآباد، لاڑکانہ سے اپنے اپنے علاقوں کی نمائندگی کر رہی ہیں اور فٹبال کھیل رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج میں بہت خوش کہ یہاں لیاری، کراچی میں فٹبال کے عالمی سطح کی طرز کے پروگرام میں موجود ہوں، قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو، شہید بینظیر بھٹو اور صدر آصف علی زرداری نے اس شہر اور لیاری کے لیے بہت سے کام کیے، اب بھی کئی شعبوں میں کام کرنے کی گنجائش موجود ہے، ہمارے نمائندے محنت کر رہے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہاکہ ہم وزیراعلیٰ سندھ سے کہیں گے، پورے صوبے، کراچی اور لیاری پر توجہ دیں، آپ کی اور آپ کی حکومت کی محنت کی وجہ سے کراچی میں پہلی بار ایک جیالا میئر بنا ہے، جب کہ یہ پوری جماعت کی کامیابی ہے لیکن صف اول کا کردار پھر بھی لیاری والوں کا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپ کو معلوم ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح نے کہا تھا کہ کوئی ملک اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتا، جب تک اس کے لیے خواتین کا برابری کا کردار نہ ہو، انہوں نے پنک فٹبال ٹورنامنٹ میں شریک خواتین کے حوالے سے امید کا اظہار کیا کہ ایک دن یہ خواتین عالمی سطح پر فٹبال کے مقابلوں میں شریک ہوں گی اور پاکستان کا نام روشن کریں گی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ حکومت نے پورے پاکستان میں تمام صوبائی حکومتوں سے زیادہ توجہ کھیلوں پر دی ہے، کھیلوں کی ترقی میں صف اول کا کردار لیاری والوں کا ہے، یہی لیاری والے آمروں کے کوڑے کھانے، سیاسی بالادستی کی جدوجہد میں ہمیشہ آگے رہے ہیں، یہاں شہری حکومت کے کام بھی سب سے زیادہ ہونے چاہئیں۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے حکام کو ہدایت کی کہ اس میدان میں روشنی کا بندوبست کیا جائے تاکہ نوجوان رات کے اوقات میں بھی یہاں کھیل سکیں۔


install suchtv android app on google app store

[ad_2]

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں