[ad_1]
میٹا کی جانب سے واٹس ایپ میں مسلسل نئے فیچرز کا اضافہ کیا جاتا ہے تاکہ اس میسجنگ پلیٹ فارم کے استعمال کا تجربہ بہتر ہوسکے۔
اب اس کمپنی کی جانب سے گروپ چیٹس کے لیے ایک کارآمد فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے۔
Wabetainfo کی ایک رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے بیٹا (beta) ورژن میں ایک نئے فیچر کا اضافہ کیا گیا ہے۔
اس فیچر سے صارفین کو یہ جاننے میں مدد ملے گی کہ کسی گروپ چیٹ میں کتنے افراد ابھی آن لائن ہیں۔
ابھی واٹس ایپ میں کسی گروپ چیٹ کو اوپن کیا جائے تو اس پر اوپر مختلف تفصیلات موجود ہوتی ہیں جیسے کون ٹائپنگ کر رہا ہے۔
مگر اس نئی اپ ڈیٹ کے بعد ایکٹیویٹی سمری کو آن لائن کاؤنٹر سے بدل دیا جائے گا۔ اس آن لائن کاؤنٹر سے صارف کو معلوم ہوگا کہ اس کے ساتھ ساتھ کتنے افراد گروپ چیٹ میں آن لائن ہیں۔
اس تبدیلی کا مقصد گروپ چیٹس کو زیادہ کارآمد بنانا ہے جبکہ صارفین کو یہ جاننے میں بھی مدد ملے گی کہ کسی گروپ چیٹ میں رابطے کے لیے کونسا وقت بہترین ہوسکتا ہے۔
یہ واضح رہے کہ اس آن لائن کاؤنٹر میں بس یہ ظاہر ہوگا کہ کون واٹس ایپ پر آن لائن ہے، اس سے یہ عندیہ نہیں ملے گا کہ وہ فرد چیٹس پر بات کر بھی رہا ہے یا نہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ فیچر بس یہ بتاتا ہے کہ کون کون کسی گروپ چیٹ پر آن لائن ہے اور اس کے پاس واٹس ایپ اوپن ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ اس فیچر میں صارفین کی پرائیویسی سیٹنگز کا خیال رکھا گیا ہے۔
اگر کسی فرد نے اپنے آن لائن اسٹیٹس کو ہائیڈ کیا ہوا ہے تو وہ اس آن لائن کاؤنٹر پر شو نہیں ہوگا۔
یہ فیچر زیادہ ایکٹیو گروپس میں زیادہ مددگار ثابت ہوگا۔
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ یہ فیچر ابھی بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے اور وہاں بھی محدود افراد کو دستیاب ہے۔
تو یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ کارآمد فیچر کب تک تمام صارفین کو دستیاب ہوسکے گا۔
[ad_2]