30

انٹرنیٹ اسپیڈ بڑھانے میں مددگار آسان طریقے

[ad_1]

گھر پر کمپیوٹر پر کام کررہے ہیں، ٹی وی پر آن لائن فلمیں یا ڈرامے دیکھ رہے ہیں یا کچھ اسٹریم کررہے ہیں۔

ہر کام کے لیے انٹرنیٹ کی اچھی اسپیڈ کی ضرورت ہوتی ہے اور موجودہ عہد میں اس کے لیے وائی فائی سگنلز پر انحصار کیا جاتا ہے۔

مگر اکثر وائی فائی انٹرنیٹ کی رفتار اتنی کم ہوتی ہے کہ ٹھنڈے مزاج کا فرد بھی چڑچڑا ہوجاتا ہے۔

یہ کہنے کی ضرورت نہیں آج کل انٹرنیٹ زندگی کی ضرورت بن چکی ہے تو وائی فائی کی رفتار کم محسوس ہوتی ہے تو ایسے متعدد طریقے ہیں جس سے آپ انٹرنیٹ اسپیڈ بہتر کرسکتے ہیں۔

ایسے ہی چند آسان ٹپس کے بارے میں جانیں۔

راؤٹر کے لیے درست مقام کا انتخاب کریں

کسی عمارت کے مرکزی حصے میں راؤٹر کی موجودگی ہر جگہ انٹرنیٹ کوریج کے لیے اہم ہوتی ہے، مثال کے طور پر 2 منزلہ عمارت میں راؤٹر پہلی منزل پر ہو تو اسے کسی الماری یا شیلف کے اوپر رکھ دیں تاکہ دوسری منزل پر ڈیوائسز کو بہتر سگنلز مل سکیں۔

فرش پر مت رکھیں

دیوار، فرش اور دھاتی اشیا کے قریب راؤٹرز رکھنے سے وائرلیس سگنلز متاثر ہوتے ہیں تو جس حد تک ممکن ہو اس طرح کی رکاوٹوں سے بچیں۔

راؤٹر کا انٹینا بدل دیں

راؤٹر کے انٹینا عموماً ہمہ جہتی ہوتے ہیں یعنی ہر سمت سگنل بھیجتے ہیں، تو اگر آپ نے گھر کے باہری حصے کے قریب راؤٹر کو رکھا ہے تو 50 فیصد سگنل تو باہری دنیا کو چلے جاتے ہیں۔

اچھی بات یہ ہے کہ آج کل بیشتر راؤٹرز میں ریموو ایبل انٹینا ہوتے ہیں اور omnidirectional (ہمہ جہتی) انٹینا کو ہائی گین انٹینا سے بدل دیں، تاکہ وائرلیس سگنل اسی جانب جائیں جہاں آپ چاہتے ہیں۔

مداخلت کم کریں

سب سے عام وائرلیس ٹیکنالوجی 802.11 (وائرلیس جی) 2.4 گیگا ہرٹز فریکوئنسی پر کام کرتی ہے، متعدد وائرلیس مصنوعات جیسے مائیکرو ویو اوون کی فریکوئنسی بھی یہی ہوتی ہے، جس کے نتیجے میں ڈیوائس اور راؤٹر کے درمیان مداخلت ہوتی ہے۔

اس سے بچنے کے لیے اگر آپ ڈوئل بینڈ راؤٹر استعمال کررہے ہیں تو اسے 2.4 سے 5 گیگا ہرٹز پر سوئچ کردیں۔ 5 گیگا ہرٹز سے نہ صرف انٹرنیٹ اسپیڈ بہتر ہوگی بلکہ دیگر وائرلیس نیٹ ورکس اور ڈیوائسز سے سگنل میں مداخلت بھی کم ہوجائے گی، کیونکہ اس فریکوئنسی کو زیادہ عام استعمال نہیں کیا جاتا۔

چینل بدل دیں

سگنلز میں مداخلت ایک بڑا مسئلہ ہوتا ہے بالخصوص ان افراد کے لیے جو کسی پرہجوم علاقے میں رہائش پذیر ہوں۔ دیگر وائرلیس نیٹ ورکس کے سگنلز انٹرنیٹ اسپیڈ پر اثرانداز ہوسکتے ہیں۔ مگر جدید راؤٹرز میں مختلف چینلز پر سوئچ کرنا ممکن ہوتا ہے۔

بیشتر راؤٹرز آپ کے لیے مخصوص چینل منتخب کرتے ہیں تاہم اگر پڑوس کا وائرلیس نیٹ ورک بھی وہی چینل استعمال کررہا ہوں تو سگنل متاثر ہوسکتے ہیں۔

ایک اچھا راؤٹر خودکار طور پر ان حالات میں چینل بدلنے کی کوشش کرتا ہے مگر پرانے یا سستے راؤٹر پہلے سے متعین چینل تک محدود رہتے ہیں۔ تو یہ محسوس ہو کہ آٹو سیٹنگ فائدہ مند نہیں تو راؤٹر کے ایڈمنسٹریٹر انٹرفیس میں جاکر خود چینل کو بدل دیں۔

وائی فائی نیٹ ورک سے غیرضروری ڈیوائسز کو خارج کریں

یہ بالکل ممکن ہے کہ مسئلے کا وائی فائی سگنلز سے کوئی تعلق نہ ہو، اگر آپ کا نیٹ ورک اوپن ہے یا پاس ورڈ کمزور ہے تو ہوسکتا ہے کہ ایک یا 2 افراد آپ کے نیٹ ورک کو بلااجازت استعمال کررہے ہوں۔

اگر یہ افراد آپ کے وائی فائی پر 4K ویڈیوز یا گیمز کھیل رہے ہوں تو آپ کا انٹرنیٹ متاثر ہوتا ہے۔ راؤٹر کے ایڈمن انٹرفیس سے یہ جاننا ممکن ہے کہ کونسی ڈیوائسز زیادہ ڈیٹا استعمال کررہی ہیں جو ہوسکتا ہے کہ آپ کے گھر میں ہی کوئی فرد ہو۔ اپنے نیٹ ورک کو محفوظ بنانے کے لیے مضبوط پاس ورڈ کا استعمال کریں۔

راؤٹر فرم وئیر کو اپ ڈیٹ کریں

راؤٹر بنانے والی کمپنیوں کی جانب سے اکثر مفت اپ ڈیٹس فراہم کی جاتی ہیں جس سے راؤٹر کی کارکردگی بڑھ جاتی ہے۔ راؤٹر کی فرم وئیر اپ ڈیٹس کے لیے راؤٹر بنانے والی کمپنی کی ویب سائٹ پر جائیں۔

راؤٹر اپ ڈیٹ کریں

اگر آپ پرانے راؤٹر کو استعمال کررہے ہیں تو بہترین کارکردگی کی توقع نہیں رکھی جاسکتی۔ اس کا آسان حل یہی ہے کہ نئے جدید راؤٹرز کو استعمال کریں۔

وائی فائی ایکسٹینڈر

اگر کوئی طریقہ کام نہیں کررہا یا راؤٹر سیٹنگز بدلنا بہت مشکل لگتا ہے اور پیسے موجود ہیں تو وائی فائی ایکسٹینڈر خرید سکتے ہیں جس سے وائرلیس سگنل کو زیادہ بہتر بنایا جاسکتا ہے۔

راؤٹر ری اسٹارٹ کرلیں

اگر کسی مسئلے کا سامنا ہے تو راؤٹر کو ری اسٹارٹ کرنا بھی انٹرنیٹ کی رفتار کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ کیونکہ ایسا کرنے پر راؤٹر کم مداخلت والے چینل کا انتخاب کرے گا، مگر ایسا کبھی کبھار کرنا چاہیے۔


install suchtv android app on google app store

[ad_2]

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں