[ad_1]
انگلش کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار بیٹر جو روٹ نے پاکستان کے سابق لیجنڈری کرکٹر جاوید میاں داد کا اہم ٹیسٹ ریکارڈ توڑ دیا۔
منگل کو نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں 423 رنز سے شکست دی البتہ مہمان ٹیم انگلینڈ نے سیریز 1-2 سے اپنے نام کی۔
تیسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں انگلش بیٹر جو روٹ نے اس ٹیسٹ میچ میں اہم سنگ میل عبور کیا۔
روٹ نے کیویز کے خلاف دوسری اننگز میں 54 رنز کی اننگز کھیلی، اس دوران وہ ٹیسٹ کرکٹ میں نیوزی لینڈ کے خلاف سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔
جو روٹ نے نیوزی لینڈ کے خلاف 40 ٹیسٹ اننگز میں 1925 رنز اسکور کیے ہیں۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ پاکستان کے سابق کپتان جاوید میاں داد کے پاس تھا جنہوں نے 29 ٹیسٹ اننگز میں 1919 رنز بنائے تھے۔
واضح رہے کہ جو روٹ انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر ہیں، انہوں نے 152 ٹیسٹ میچز میں 12 ہزار 972 رنز اسکور کیے ہیں۔
ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھارت کے سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے، جنہوں نے 200 میچز میں 15 ہزار 921 رنز بنائے۔
جو روٹ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹرز کی فہرست میں پانچویں نمبر پر ہیں۔
کرکٹ شائقین کا خیال ہے کہ جو روٹ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا سچن کا یہ ریکارڈ بھی توڑ دیں گے۔
[ad_2]