July 2, 2026
customs-recovered1782287081-0-600x450.webp.webp

پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ نے اسمگلنگ کے خلاف انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیوں کے دوران گزشتہ دو ہفتوں میں 1.163 ارب روپے مالیت کا اسمگل شدہ سامان اور نان ڈیوٹی پیڈ گاڑیاں ضبط کر لیں۔

پاکستان کسٹمز کے مطابق کارروائیوں کے دوران جعلی ڈیکلریشن کے ذریعے اسمگل کیا جانے والا 6 ہزار 330 کلوگرام سیلولوز ایسیٹیٹ ٹاؤ برآمد کر کے قبضے میں لے لیا گیا۔

حکام کے مطابق ایک بیڈفورڈ ٹرک سے 4 ہزار 52 کلوگرام مردانہ و زنانہ کپڑا بھی برآمد کیا گیا، جبکہ کارروائی کے دوران 7 ہزار 380 سلیوز سگریٹ اور 1 ہزار 100 کلوگرام گولڈ گٹکا بھی ضبط کیا گیا۔

پاکستان کسٹمز نے بتایا کہ تھاکوٹ، ہزارہ میں ایک اسوزو ٹرک سے غیر ملکی اور نان ڈیوٹی پیڈ اشیائے خور و نوش کی بڑی کھیپ بھی برآمد کی گئی۔

ترجمان کے مطابق کارروائیوں کے دوران تین لگژری نان ڈیوٹی پیڈ گاڑیاں بھی ضبط کی گئیں، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 2 کروڑ 55 لاکھ روپے ہے۔

پاکستان کسٹمز کا کہنا ہے کہ یہ مؤثر کارروائیاں اسمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کی عکاس ہیں، جبکہ قومی محصولات کے تحفظ، قانونی تجارت کے فروغ اور اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے انفورسمنٹ کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔

پاکستان کسٹمز کے مطابق جدید انٹیلی جنس، مؤثر نگرانی اور مضبوط انفورسمنٹ کے ذریعے اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی۔