July 2, 2026
fixed-tax1780682777-0-600x450.webp.webp

پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) نے مالی سال 2025-26 کے دوران 367 ارب روپے سے زائد ٹیکس وصول کر کے ریکارڈ قائم کر دیا۔

ترجمان کے مطابق مالی سال 2024-25 میں 270 ارب روپے ٹیکس وصول کیا گیا تھا، جبکہ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 97 ارب روپے زائد وصولی کے ساتھ 36 فیصد گروتھ ریکارڈ کی گئی۔

چیئرمین پی آر اے معظم اقبال سپرا نے بتایا کہ صرف جون کے مہینے میں 48 ارب روپے سے زائد ٹیکس وصول کیا گیا، جس کے ساتھ مالی سال کا اختتام مثالی کارکردگی پر ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی کے قیام کے بعد یہ اب تک کی سب سے زیادہ ٹیکس وصولی ہے۔ ان کے مطابق علاقائی تنازعات اور کاروباری اوقات کار میں کمی جیسے چیلنجز کے باوجود ادارے نے انتہائی مؤثر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

چیئرمین پی آر اے کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی بھرپور معاونت، ادارے کے غیر متزلزل عزم اور ٹیکس دہندگان کے اعتماد کی بدولت مقررہ اہداف حاصل کیے گئے۔

معظم اقبال سپرا نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے مالی سال 2026-27 کے لیے پنجاب ریونیو اتھارٹی کو 528 ارب روپے ٹیکس وصولی کا ہدف دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں ٹیکس نیٹ کو مزید وسعت دینے، ٹیکس ادائیگی کے رجحان کو فروغ دینے اور ڈیجیٹل اصلاحات کے عمل کو مزید تیز کیا جا رہا ہے۔