July 4, 2026
copy-of-untitled-221783118689-0-600x450.webp.webp

برطانیہ اور فرانس نے آبنائے ہرمز سے جہازوں کی محفوظ آمدورفت کو عالمی معیشت کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اہم آبی گزرگاہ دنیا بھر کی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے ایک "اہم شریان" کی حیثیت رکھتی ہے، لہٰذا یہاں بحری جہازوں کی محفوظ نقل و حرکت کی بحالی عالمی تشویش کا معاملہ ہے۔

برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر اور فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ سلطنتِ عمان نے برطانیہ اور فرانس کے ساتھ مل کر اپنے خودمختار علاقائی پانیوں میں محفوظ بحری آمدورفت یقینی بنانے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

دونوں رہنماؤں نے کہا کہ برطانیہ اور فرانس آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی کے تحفظ کے لیے ضرورت پڑنے پر وسیع تر کثیرالقومی فوجی مشن تعینات کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔

مشترکہ اعلامیے میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ برطانیہ اور فرانس خطے کے استحکام، تمام ریاستوں کی خودمختاری کے احترام اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کے لیے اپنے شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔

رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی سلامتی، بحری جہاز رانی کی آزادی اور بین الاقوامی قوانین کے تحفظ کے لیے مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں، جبکہ آبنائے ہرمز میں محفوظ بحری راستوں کی بحالی پوری دنیا کے اقتصادی مفادات سے جڑا ہوا معاملہ ہے۔