July 5, 2026
copy-of-untitled-321783208964-0-600x450.webp.webp

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں فرانس نے سخت مقابلے کے بعد پیراگوئے کو 0-1 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا اور اب فرانس  کا مقابلہ مراکش سے ہوگا۔

امریکا کے شہر فلاڈیلفیا میں کھیلے گئے میچ میں فرانس کو کامیابی کے لیے بھرپور جدوجہد کرنا پڑی۔ پیراگوئے نے دفاعی حکمت عملی اپناتے ہوئے فرانسیسی حملوں کو کافی دیر تک ناکام بنائے رکھا، تاہم میچ کے 70ویں منٹ میں متبادل کھلاڑی ڈیزائرے دوئے کو پنالٹی ایریا میں فاؤل کیے جانے پر وی اے آر جائزے کے بعد فرانس کو پنالٹی ملی۔

کپتان ایمباپے نے پنالٹی کو کامیابی سے گول میں تبدیل کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، جو میچ کا فیصلہ کن گول ثابت ہوا۔ اس گول کے ساتھ ایمباپے نے ورلڈ کپ 2026 میں اپنے گولز کی تعداد 7 کر دی اور اس ٹورنامنٹ میں گولڈن بوٹ کی دوڑ میں لیونل میسی کی برابری بھی کر لی۔ اس کے علاوہ یہ ان کے ورلڈ کپ کیریئر کا 19واں گول بھی تھا۔

میچ کے آخری لمحات میں پیراگوئے نے برابری کے لیے بھرپور کوشش کی، تاہم فرانسیسی گول کیپر مائیک مینیان نے اہم سیو کر کے اپنی ٹیم کی برتری برقرار رکھی، جبکہ دفاع نے بھی کئی خطرناک حملے ناکام بنائے۔

اس فتح کے بعد فرانس نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے، جہاں اس کا سامنا مراکش سے ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ مقابلہ شائقین کی خاص توجہ کا مرکز ہوگا کیونکہ 2022 کے ورلڈ کپ سیمی فائنل میں بھی فرانس نے مراکش کو شکست دی تھی۔