وزیر داخلہ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کی ہے، جس میں علاقائی و عالمی امن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی، جس میں علاقائی صورتحال اور مختلف بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران مغربی ایشیا میں جاری تنازعات کے خاتمے کے لیے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں پر بھی گفتگو ہوئی، جبکہ اقوام متحدہ کے قیامِ امن مشنز، خصوصاً ان میں پاکستان کی لازوال خدمات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ چیلنجز کے باوجود پاکستان نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، جبکہ فیلڈ مارشل اور وزیراعظم شہباز شریف نے اس ضمن میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ امن مشنز کی کامیابی کے لیے حقیقت پسندانہ مینڈیٹ اور مطلوبہ وسائل کی فراہمی ناگزیر ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عالمی امن اور سلامتی کے قیام کے لیے پاکستان کی مسلسل خدمات اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں اس کے طویل المدتی تعاون کو سراہتے ہوئے پاکستان کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔