برطانیہ کے شہزادہ ولیم نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے کوارٹر فائنل میں ناروے کے خلاف انگلینڈ کی سنسنی خیز فتح پر ٹیم کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
شہزادہ ولیم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں کہا کہ ’’شاباش انگلینڈ! مشکل حالات میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، یہ واقعی ایک خاص ٹیم ہے۔‘‘
انہوں نے ناروے کی ٹیم کی بھی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’’ناروے کی بہادر ٹیم کو خراجِ تحسین، اب سیمی فائنل کی جانب، کبھی شک تھا ہی نہیں۔‘‘
انگلینڈ نے میامی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سنسنی خیز کوارٹر فائنل میں اضافی وقت کے بعد ناروے کو 2-1 سے شکست دے کر ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔
شہزادہ ولیم نے انگلینڈ فٹبال ٹیم کی جانب سے جاری کیا گیا جشن کا پیغام بھی دوبارہ شیئر کیا، جس میں ٹیم نے سیمی فائنل تک رسائی کی خوشی کا اظہار کیا تھا۔
واضح رہے کہ شہزادہ ولیم انگلش فٹبال ایسوسی ایشن کے سرپرست ہیں اور فٹبال کے بڑے مداح سمجھے جاتے ہیں۔ وہ انگلینڈ کے اہم بین الاقوامی میچز اور ایف اے کپ کے فائنلز میں باقاعدگی سے شرکت کرتے ہیں، جبکہ وہ انگلش کلب آسٹن ولا کے بھی پرجوش سپورٹر ہیں۔
یہ انگلینڈ کی تاریخ میں چوتھی مرتبہ ہے کہ ٹیم فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچی ہے۔ اس سے قبل انگلینڈ 1966، 1990 اور 2018 میں بھی آخری چار ٹیموں میں جگہ بنا چکا ہے۔
دوسری جانب، سابق انگلش کپتان ڈیوڈ بیکہم نے بھی ٹیم کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیمی فائنل تک رسائی ایک یادگار لمحہ ہے اور انہیں پوری ٹیم پر فخر ہے۔