پنجاب یونیورسٹی شعبہ الیکٹریکل انجینئرنگ کی سرکاری عمارت میں پرائیویٹ مرغیاں پالنے کا انکشاف ہوا ہے۔
شعبہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر کامران عابد نے ادارے کی چھت اور لان میں مرغیاں پال لیں، مرغیوں کے لیے سرکاری عمارت کی چھت پر ڈاکٹر کامران عابد نے ڈربے بنوا دیے۔
مرغیوں کو لان میں محفوظ رکھنے کے لیے 5 لاکھ روپے کا جنگلہ لگانے کا بھی انکشاف ہوا، لان میں جنگلہ لگانے سے ادارے کے طلباء و طالبات کے لیے مین لائبریری جانے کا راستہ رک گیا۔
پرائیوٹ مرغیوں کی دیکھ بھال کے لیے شعبے کے سرکاری ملازمین ڈیوٹی پر مامور ہیں، گرمی میں مرغیوں کو چھت سے شعبہ الیکٹریکل کی عمارت کے ہال میں بھی شفٹ کر دیا گیا۔ مرغیوں کو سرکاری کولر اور اے سی کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے، کلاس روم میں مرغیوں کا دانہ رکھنے کا بھی انکشاف ہوا۔
ڈاکٹر کامران عابد یونیورسٹی آف سرگودھا اور ساہیوال میں وائس چانسلر کے امیدوار ہیں۔
ترجمان جامعہ پنجاب کے مطابق شعبہ الیکٹریکل میں پرائیوٹ مرغیاں رکھنے کی اجازت نہیں دی، معاملے کو دیکھیں گے۔
ڈاکٹر کامران عابد کا موقف ہے کہ طالبات کو قدرتی ماحول فراہم کرنے کے لئے مرغیاں رکھیں، قدرتی ماحول کی فراہمی کے لیے مستقبل میں مزید پرندے رکھیں گے۔