July 16, 2026
pak-v-ind1784195195-0-600x450.webp.webp

آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 2027 میں پاکستان اور بھارت کے ایک اضافی مقابلے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 2027 کے ون ڈے ورلڈکپ کے لیے نئے فارمیٹ کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک اضافی میچ ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

نئے فارمیٹ کے مطابق جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا میں ہونے والا ورلڈکپ اگرچہ 14 ٹیموں پر ہی مشتمل ہوگا تاہم ابتدائی مرحلے میں کم درجہ بندی والی تین ٹیمیں ایک پری کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلیں گی، جہاں سے صرف ایک ٹیم مرکزی مرحلے میں جگہ بنائے گی۔

اس کے بعد 12 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، ہر گروپ میں چھ، چھ ٹیمیں شامل ہوں گی۔

آئی سی سی نے سابقہ ’سپر سکس‘ مرحلے کی جگہ اب ’سپر سیون‘ متعارف کرایا ہے جبکہ اس بار کوارٹر فائنل مرحلہ نہیں ہوگا۔

عالمی ادارے کے مطابق نئے فارمیٹ کا مقصد مقابلوں کو زیادہ دلچسپ، مسابقتی اور ہر میچ کو اہم بنانا ہے۔

ادھر 2028 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھی تبدیلی کی منظوری دی گئی ہے۔

20 ٹیموں پر مشتمل ایونٹ میں گروپ مرحلے کے بعد 10 ٹیمیں اگلے مرحلے میں جائیں گی جبکہ بہترین دو ٹیمیں براہ راست سیمی فائنل کھیلیں گی اور باقی دو سیمی فائنلسٹ کا فیصلہ نئے ایلیمینیٹر مرحلے کے ذریعے ہوگا۔