پاکستان اور چین کے درمیان جدید فارما صنعت کے فروغ کیلئے نئی شراکت داریوں کا آغاز ہوگیا۔
ایس آئی ایف سی کی معاونت سے پاکستان اور چین میں فارماسیوٹیکل، بائیوٹیکنالوجی اور ہیلتھ کیئر تعاون کو مزید فروغ مل رہا ہے۔
ایس آئی ایف سی کے تعاون سے اسلام آباد میں 2 روزہ پاک چین فارماسیوٹیکل اینڈ ہیلتھ کیئر بی ٹو بی انویسٹمنٹ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان اور چین کے 300 سے زائد فارما کمپنیوں، چینی سپلائرز،سرمایہ کاروں اور کاروباری نمائندوں نے شرکت کی، اس موقع پر پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے مابین بائیو ٹیکنالوجی اور مقامی پیداوار کے تقریباً 440 ملین ڈالر کے 9 سرمایہ کاری معاہدے طے پائے۔
چینی سرمایہ کاروں کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تحقیق، جدت اور فارماسیوٹیکل شعبے میں مزید شراکت داری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
وی سول گروپ اور ایل ڈی ایس فارما کے سی ای او ظفر محمود نے کہا کہ چینی شراکت داروں کیساتھ معاہدوں سے پاکستان میں ویکسین کی مقامی تیاری ممکن ہوگی اورملکی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔
گروپ منیجنگ ڈائریکٹر او بی ایس، چیف ایگزیکٹو آفیسر اے جی پی لمیٹڈ کامران ناصر کے مطابق یہ کانفرنس انتہائی خوش آئند ہے جس کے انعقاد پر وزارتِ صحت، ایس آئی ایف سی اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی مبارکباد کی مستحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ابھرتے ہوئے شعبہ فارماسیوٹیکل کی ڈی ریگولیشن میں ایس آئی ایف سی کے کلیدی کردار سے سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مضبوط ہوا ہے۔