July 21, 2026
and1784568640-0-600x450.webp.webp

ایک نئی رپورٹ کے مطابق اینڈرائیڈ 16 میں ایک سیکیورٹی خامی سامنے آئی ہے، جس کے ذریعے بعض حالات میں لاک اسکرین کا حفاظتی نظام بائی پاس کیا جا سکتا ہے۔ گوگل نے اس مسئلے سے آگاہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے لیے اصلاحی اپ ڈیٹ تیار کی جا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ خامی جیمینائی کے لاک اسکرین سے استعمال ہونے والے فیچر سے متعلق ہے۔ اگر صارف نے پہلے سے میسج یا واٹس ایپ جیسی ایپس تک جیمینائی کی رسائی بند کر رکھی ہو، تو عام طور پر ان ایپس کے استعمال کے لیے فون پِن مانگتا ہے۔

تاہم ایک مخصوص طریقہ اختیار کرتے ہوئے (جس میں ’ایڈ اٹیچمنٹ‘ اور ’کنٹینیو‘ بٹن ایک ساتھ دبائے جاتے ہیں) تو پِن کی تصدیق بعض صورتوں میں بائی پاس ہو جاتی ہے۔

اس کے بعد حملہ آور نہ صرف پیغام بھیج سکتا ہے بلکہ ویڈیو میں یہ بھی دکھایا گیا کہ جیمینائی کی بند کی گئی واٹس ایپ رسائی دوبارہ فعال کی جا سکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق، یہ خامی مئی سے گوگل کے علم میں ہے اور صرف پکسل فونز تک محدود نہیں ہے بلکہ دیگر اینڈرائیڈ ڈیوائسز بھی اس سے متاثر ہو سکتی ہیں۔ تاہم، ابھی یہ واضح نہیں کہ کون سے برانڈز یا اینڈرائیڈ ورژنز اس خطرے کی زد میں ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس قسم کی خامیوں کو سائبر سیکیورٹی کی زبان میں ’آتھنٹیکیشن بائی پاس‘ یا ’لاک اسکرین بائی پاس‘ کہا جاتا ہے۔

اگرچہ ایسے مسائل وقتاً فوقتاً مختلف آپریٹنگ سسٹمز میں سامنے آتے رہتے ہیں لیکن صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ سرکاری سیکیورٹی اپ ڈیٹس دستیاب ہوتے ہی اپنے فون ضرور اپ ڈیٹ کریں تاکہ ممکنہ خطرات سے محفوظ رہا جا سکے۔