July 21, 2026
fakhar1774848917-0-600x450.webp.webp

قومی کرکٹ ٹیم کے معروف اوپنر فخر زمان نے نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں اور کھیلوں کے فروغ کے لیے اپنی کرکٹ اکیڈمی کو الخدمت  فاؤنڈیشن کی سر پرستی میں دینے  کا اعلان کر دیا ۔

 فخر زمان نے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے ہیڈ آفس لاہور کا دورہ کیا جہاں صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن، ڈائریکٹر اسپورٹس انجینئر حماد رشید اور الخدمت کی سینئر قیادت نے ان کا استقبال کیا۔

دورے کے دوران فخر زمان نے الخدمت ہیڈ آفس اور الخدمت اسپورٹس کمپلیکس کا معائنہ کیا اور نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ کرکٹ بھی کھیلی۔ فخر زمان نے الخدمت ہیڈآفس دورے کے موقع پر  اعلان کیا کہ ان کی کرکٹ اکیڈمی اب الخدمت فخر زمان کرکٹ اکیڈمی کے نام سے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر انتظام کام کرے گی جبکہ الخدمت کے اشتراک سے   دیگر شہروں میں مزید اکیڈمیز بھی قائم کی جائیں گی ۔

 اس اقدام کا مقصد نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ، باصلاحیت کھلاڑیوں کی تربیت اور صحت مند و مثبت سرگرمیوں کے ذریعے نئی نسل کی کردار سازی کرنا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فخر زمان نے الخدمت فاؤنڈیشن کی فلاحی خدمات، بالخصوص آغوش ہومز، یتیم بچوں کی کفالت کے پروگرام اور تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کے لیے خدمات کو سراہا۔

انہوں نے الخدمت کے ساتھ مل کر ملک بھر میں نوجوانوں اور مستحق طبقات کی خدمت کے عزم کا اظہار کیا۔صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے فخر زمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور کھیلوں کے فروغ کے لیے یہ شراکت داری اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت نوجوان ٹیلنٹ کی سرپرستی اور قومی تعمیر میں کھیلوں کے کردار کو مزید مؤثر بنانے کے لیے فخر زمان کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔

ڈائریکٹر اسپورٹس الخدمت فاؤنڈیشن انجینئراحمد حماد رشید نے کہا کہ الخدمت اسپورٹس ملک بھر میں نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مواقع پیدا کرنے، کھیلوں کے فروغ اور نوجوان نسل کی مثبت تربیت کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گا۔ تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن کی مرکزی قیادت اور مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔