July 29, 2026
copy-of-untitled-2026-07-29t235958-9641785352058-0-600x450.webp.webp

بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے وکٹ کیپر لٹن داس کو ون ڈے ٹیم کا نیا کپتان مقرر کر دیا جبکہ مہدی حسن سے قیادت واپس لے لی گئی۔

31 سالہ لٹن داس پہلے ہی ٹی20 ٹیم کی قیادت کر رہے تھے جس کے بعد اب وہ وائٹ بال کرکٹ (ون ڈے اور ٹی20) کے کپتان ہوں گے جبکہ نجم الحسن شانتو ٹیسٹ ٹیم کے کپتان برقرار رہیں گے۔

یہ فیصلہ بدھ کو شیرِ بنگلا نیشنل اسٹیڈیم میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں کیا گیا۔ بی سی بی کے صدر تمیم اقبال نے کہا کہ بورڈ کا ماننا ہے کہ ریڈ بال اور وائٹ بال کی کرکٹ کے لیے الگ الگ کپتان ہونا زیادہ مؤثر حکمت عملی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ توحید ہردوئے کو وائٹ بال ٹیم کا نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان کی ذمہ داری بدستور مہدی حسن مرزا کے پاس رہے گی۔

یہ فیصلہ زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز میں شکست کے بعد سامنے آیا ہے۔ مہدی حسن مرزا کی قیادت میں بنگلا دیش نے 20 میں سے 10 ون ڈے میچز جیتے جبکہ ان کی قیادت میں ٹیم نے ویسٹ انڈیز، پاکستان، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز میں کامیابیاں بھی حاصل کیں۔

لٹن داس اس سے قبل بھی سات ون ڈے میچز میں بنگلا دیش کی قیادت کر چکے ہیں جن میں 2022 میں بھارت کے خلاف 2-1 سے تاریخی سیریز فتح بھی شامل ہے۔

بی سی بی نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ ٹیم کی کارکردگی کا ہر چھ ماہ بعد جائزہ لیا جائے گا تاکہ قیادت میں بار بار تبدیلی سے گریز کیا جا سکے۔