July 29, 2026
fungus1785347949-0-600x450.webp.webp

زمین کی سطح سے سینکڑوں فٹ نیچے چٹانوں اور پانی میں بھی زندگی کی ایک پیچیدہ دنیا موجود ہے، جہاں فنگس اور دیگر ننھے جاندار ایک مکمل ماحولیاتی نظام تشکیل دے رہے ہیں۔

یونیورسٹی آف مشیگن کی ایک نئی تحقیق نے انکشاف کیا ہے کہ زیرِ زمین گہرائیوں میں فنگس کی تعداد سائنس دانوں کے سابقہ اندازوں سے کہیں زیادہ ہے۔

یونیورسٹی کی ایک ڈاکٹریٹ کی طالبہ کوئن مون کی سربراہی میں کی گئی تحقیق میں ٹیم نے زمین سے تقریباً 1640 فٹ نیچے گیس کے کنوؤں سے حاصل کیے گئے پانی کے نمونوں کا جائزہ لیا۔

سائنس دانوں نے جینیاتی تکنیکوں اور مائیکروسکوپی کی مدد سے فنگس کی 689 اقسام شناخت کیں جن میں 13 ایسی اقسام بھی شامل ہیں جنہیں پہلے کبھی بیان نہیں کیا گیا تھا۔

تحقیق میں ایک قطرے میں تقریباً 250 فنگل خلیے پائے گئے جبکہ اولمپک سائز کے سوئمنگ پول میں ان کی تعداد12 ٹریلین سے زیادہ ہو سکتی ہے۔

محققین کو وہاں دیگر پیچیدہ جاندار بھی ملے جن میں ٹارڈی گریڈز اور ننھے جسم والے کیڑے شامل ہیں۔

ماہرین کے مطابق یہ جاندار مل کر ایک حقیقی زیرِ زمین فوڈ ویب بنا رہے ہیں جہاں کچھ جاندار ایک دوسرے کو خوراک بناتے ہیں جبکہ کچھ ممکنہ طور پر طفیلی زندگی گزارتے ہیں۔

یہ تحقیق سائنسی جریدے آئی ایس ایم ای جرنل میں شائع ہوئی ہے۔