بالی ووڈ اداکارہ رشمیکا مندانا فلم کی شوٹنگ کے دوران شدید زخمی ہوگئی ہیں، جس کے بعد انہیں کم از کم چھ ہفتے تک مکمل آرام کرنے اور باقاعدہ علاج کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ چوٹ کی شدت کے باعث ان کے آئندہ فلمی منصوبوں کی شوٹنگ بھی وقتی طور پر روک دی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رشمیکا مندانا ایک ڈانس سین کی عکسبندی کروا رہی تھیں کہ اسی دوران ان کے کولہے کے پٹھے کا جوڑ شدید متاثر ہوا اور پٹھا اپنی جگہ سے الگ ہو گیا۔ ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد انہیں مکمل آرام کے ساتھ بحالی صحت کی تھراپی جاری رکھنے کا مشورہ دیا ہے تاکہ متاثرہ حصہ دوبارہ درست انداز میں بحال ہو سکے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اداکارہ گزشتہ کچھ عرصے سے اپنی آنے والی فلموں ’رن بالی‘ اور ’میسا‘ کی شوٹنگ میں مسلسل مصروف تھیں، جہاں انہیں ایکشن اور ڈانس کے مشکل مناظر انجام دینا پڑ رہے تھے۔ ماہرین کے مطابق مسلسل جسمانی مشقت کے باعث ان کے جسم پر غیر معمولی دباؤ پڑا، جو اس انجری کی ایک بڑی وجہ بن سکتا ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کی چوٹ عام طور پر پیشہ ور کھلاڑیوں میں دیکھی جاتی ہے، اس لیے رشمیکا مندانا کی انجری اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ وہ شوٹنگ کے دوران کتنی سخت جسمانی سرگرمیوں سے گزر رہی تھیں۔
ڈاکٹروں نے واضح کیا ہے کہ اداکارہ کو مکمل صحت یاب ہونے تک باقاعدہ علاج اور فزیوتھراپی سے گزرنا ہوگا، جبکہ ان کی طبی کیفیت پر مسلسل نظر رکھی جائے گی۔ مکمل بحالی کے بعد ہی انہیں دوبارہ فلموں کی شوٹنگ کی اجازت دی جائے گی۔
رشمیکا مندانا نے حال ہی میں اداکار وجے دیوراکونڈا سے شادی کی تھی، جس کے بعد انہوں نے اپنی فلم ’میسا‘ کی شوٹنگ دوبارہ شروع کی تھی۔ انہوں نے فلم کے سیٹ سے چند تصاویر بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کی تھیں، جن میں وہ ایک منفرد اور جرات مند کردار کے روپ میں نظر آ رہی تھیں۔ اس فلم کی ہدایت کاری راویندر پولے کر رہے ہیں جبکہ اسے ان فارمولا فلمز کے بینر تلے تیار کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب رشمیکا مندانا کی فلم ’رن بالی‘ بھی ریلیز کی تیاریوں کے مرحلے میں ہے، جسے ستمبر میں نمائش کے لیے پیش کیے جانے کا منصوبہ تھا۔ اس فلم میں وہ اپنے شوہر وجے دیوراکونڈا کے ساتھ مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں، تاہم حالیہ انجری کے بعد فلم کی شوٹنگ اور دیگر شیڈول پر بھی اثرات پڑنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔