August 20, 2026
tariq-fazal1779261130-0-600x450.webp.webp


اسلام آباد:

قومی اسمبلی کے اجلاس کے آغاز میں ہی وزراء کی عدم موجودگی پر اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا، صومالی بحری قذاقوں کے ہاتھوں 10 پاکستانی شہریوں کے اغواء کا معاملہ بھی قومی اسمبلی میں زیر بحث آیا، اسد قیصر نے خیبرپختونخوا میں یوریا کی قلت اور ترسیل پر پابندی کا معاملہ اٹھایا تو رانا تنویر نے جواب دیا دھماکہ خیز مواد میں یوریا کے استعمال کی وجہ سے پابندی لگائی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران وزراء کی عدم موجودگی پر اپوزیشن نے احتجاج کیا۔ عامر ڈوگر نے کہا کہ ارکان بروقت ایوان میں آجاتے ہیں لیکن وزراء کی نشستیں خالی ہیں۔ انہوں نے وزراء کی عدم موجودگی پر بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے پیپلز پارٹی سے بھی ساتھ دینے کی اپیل کی اور پھر کورم کی نشاندہی کردی۔ ڈپٹی اسپیکر نے ارکان کی گنتی کا حکم دیا اور کورم مکمل نہ ہونے پر اجلاس کی کارروائی معطل کردی جو بعد میں دوبارہ شروع ہوا۔

دوسری جانب صومالی بحری قذاقوں کے ہاتھوں دس پاکستانی شہریوں کے اغواء کا معاملہ بھی قومی اسمبلی پہنچ گیا۔

وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے توجہ دلاؤ نوٹس پر جواب دیا کہ دس پاکستانی بحری قذاقوں کے قبضے میں ہیں، صومالیہ کے ساتھ ہمارے سفارتی تعلقات نہیں ہیں، صومالین قزاقوں نے ان لوگوں کی رہائی کے عوض تین ملین ڈالرز تاوان طلب کیا ہے اگر تین ملین ڈالرز دے کر رہا کروائیں گے تو اس کے منفی نتائج سامنے آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانیوں کی رہائی کی کوشش کر رہے ہیں لیکن اس جگہ صومالی حکومت کی رٹ بھی مضبوط نہیں ہے، بحری قذاقوں کے ساتھ مذکرات کے تین راؤنڈز ہوچکے ہیں، وزارت خارجہ اس مسئلے کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔

خیبر پختونخوا میں یوریا کھاد کی قلت کا معاملہ

اجلاس میں خیبر پختونخوا میں یوریا کھاد کی قلت کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ اسد قیصر نے فوری طور پر یوریا کی ترسیل پر عائد پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ کھاد نہ ملنے سے 13 لاکھ کسان متاثر ہو رہے ہیں اگر دھماکا خیز مواد میں استعمال کی بات ہورہی ہے تو حکومت نے آج تک نیشنل ایکشن پر کون سا عمل کیا؟

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے بتایا کہ خیبر پختونخوا میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں دھماکا خیز مواد کے طور پر یوریا کے استعمال کے بعد ترسیل پر پابندی لگائی گئی تاہم اب ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم نافذ کرنے کے لیے کمیٹی قائم کردی گئی۔

سعودیہ میں 5 ہزار غیرقانونی پاسپورٹ پکڑے جانے کا معاملہ

قومی اسمبلی میں غیر قانونی پاسپورٹس پکڑے جانے کا معاملہ بھی اٹھایا گیا۔ شرمیلا فاروقی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈی جی پاسپورٹس کو ایوان میں طلب کرنے کا مطالبہ کیا۔

اجلاس کے دوران ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ، نیشنل گیس ڈیولپمنٹ سرچارج اور گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس سمیت کئی بلز پیش کیے گئے بعدازاں قومی اسمبلی کا اجلاس کل دوپہر دو بجے تک ملتوی کردیا گیا۔