5

پنجاب میں اسموگ بے قابو، سرکاری میٹنگز بھی آن لائن کرنے کا فیصلہ


لاہور:

 

اسموگ اورفضائی آلودگی میں اضافے کی وجہ سے لاہور، گوجرانوالہ ،فیصل آباد اور ملتان میں ہائیرسکینڈری اسکول 17 نومبر تک بند جبکہ سرکاری اورنجی دفاتر کا پچاس فیصد عملہ ورک فرام ہوم کریگا اور سرکاری میٹنگز بھی آن لائن ہوں گی۔

 

پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے اسموگ کی شرح میں خطرناک حد تک اضافے کے باعث لاہور سمیت پنجاب کے متاثرہ دیگر اضلاع میں ہائرسکینڈری سطح تک کے سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے 17 نومبر تک بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

 

انہوں نے کہا تعلیمی ادارے بچوں کے لئے آن لائن سٹڈی کا انتظام کریں گے۔  لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا فصلوں کی باقیاتِ جلانے سے اسموگ میں اصافہ ہو رہا ہے، پلاسٹک بیگ پر پابندی ہے مگر خلاف ورزی ہو رہی ہے۔

 

پرائمری سطح تک بچوں کو سکولوں میں چھٹیاں دیں لیکر والدین بچوں کو لیکرشاپنگ مالزاور تفریح گاہوں میں جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا آج سے ماسک کا استعمال لازمی کردیا گیاہے۔ 

 

مریم اورنگزیب نے کہا بھارتی ریاست راجھستان اور دیگر اضلاع سے آنیوالی ہواؤں نے ملتان اور  گوجرانولہ کو متاثر کیا ہے۔ لاہور میں آج ائیرکوالٹی انڈکس ایک ہزار سے اوپر ریکارڈ کیا گیا، آئندہ دس روز تک سموگ کی شدت رہے گی۔ 

 

سینیئر وزیر نے کہا سرکاری اورنجی دفاتر کا پچاس فیصد عملہ ورک فرام ہوم کریگا۔ تمام سرکاری میٹنگز اب زوم پر ہوں گی۔ اسموگ کے تدارک کے لئے تمام محکموں کو اہداف دیئے گئے ہیں۔ ادارہ تحفظ ماحولیات کے آفس میں اسموگ وار روم قائم کیا گیا ہے جہاں فضائی آلودگی کو مانیٹر کیا جارہا ہے۔ 

 

ایک سوال کے جواب میں مریم اورنگزیب نے کہا مریم نواز شریف نے گزشتہ برس گلے کی سرجری کروائی تھی تاہم 6 ماہ قبل دوبارہ انفیکشن پیدا ہوئی، وہ آج جنیوا پہنچیں گی جہاں ان کے معالج علاج کریں گے اور پھر 12 نومبر کو وزیراعلی مریم نواز شریف واپس پاکستان آئیں گی۔

 

انہوں نے کہا کہ مریم نواز شریف نے طبیعت کی خرابی کے باوجود پنجاب کے عوام کی خدمت جاری رکھی۔ یہ تاثر درست نہیں کہ وہ سموگ کی وجہ سے لندن گئی ہیں۔



اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں