5

قبل از وقت بڑھاپے کا شکار بنا دینے والی عام غذا

موجودہ عہد میں بیشتر افراد کی پسندیدہ غذائیں انہیں قبل از وقت بڑھاپے کا شکار بنا سکتی ہیں۔ یہ انتباہ اٹلی میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں کیا گیا۔

IRCCS نامی انسٹیٹیوٹ کی تحقیق میں بتایا گیا کہ الٹرا پراسیس غذاؤں کا زیادہ استعمال بڑھاپے کی جانب سفر تیز کر دیتا ہے۔

واضح رہے کہ الٹرا پراسیس غذائیں تیاری کے دوران متعدد بار پراسیس کی جاتی ہیں اور ان میں نمک، چینی اور دیگر مصنوعی اجزا کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جبکہ صحت کے لیے مفید غذائی اجزا جیسے فائبر کی مقدار بہت کم ہوتی ہے۔

الٹرا پراسیس غذاؤں میں ڈبل روٹی، فاسٹ فوڈز، مٹھائیاں، ٹافیاں، کیک، نمکین اشیا، بریک فاسٹ سیریلز، چکن اور فش نگٹس، انسٹنٹ نوڈلز، میٹھے مشروبات اور سوڈا وغیرہ شامل ہیں۔

اس تحقیق میں 22 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا تھا۔ ان افراد کے خون کے نمونوں کے ذریعے حیاتیاتی عمر کی جانچ پڑتال کی گئی۔

خیال رہے کہ ویسے تو ہر فرد کی عمر کا تعین تاریخ پیدائش (کرانیکل ایج) سے کیا جاتا ہے مگر طبی لحاظ سے ایک حیاتیاتی عمر (بائیولوجیکل ایج) بھی ہوتی ہے جو جسمانی اور ذہنی افعال کی عمر کے مطابق ہوتی ہے۔

جینز، طرز زندگی اور دیگر عناصر اس حیاتیاتی عمر پر اثرات مرتب کرتے ہیں اور یہ عمر جتنی زیادہ ہوگی مختلف امراض کا خطرہ بھی اتنا زیادہ بڑھ جائے گا۔

تحقیق کے دوران لوگوں سے سوالنامے بھروا کر غذائی عادات کی تفصیلات حاصل کی گئیں۔ اس طرح محققین کو یہ جاننے میں مدد ملی کہ یہ افراد کتنی مقدار میں الٹرا پراسیس غذاؤں کا استعمال کر رہے تھے۔

نتائج سے ثابت ہوا کہ الٹرا پراسیس غذاؤں کے زیادہ استعمال سے حیاتیاتی عمر کی رفتار بہت زیادہ تیز ہو جاتی ہے۔ درحقیقت ان غذاؤں کو زیادہ کھانے والے افراد حیاتیاتی عمر سے قبل از وقت بڑھاپے کے شکار ہو جاتے ہیں۔

محققین نے بتایا کہ ڈیٹا سے ثابت ہوتا ہے کہ الٹرا پراسیس غذاؤں سے نہ صرف عمومی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں بلکہ بڑھاپے کی جانب سے سفر بھی تیز ہو جاتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ابھی الٹرا پراسیس غذاؤں سے انسانی صحت پر مرتب ہونے والے منفی اثرات مکمل طور پر واضح نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ الٹرا پراسیس غذاؤں میں صحت کے لیے مفید غذائی اجزا کی مقدار نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے جبکہ ان میں چینی، نمک اور چکنائی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو صحت کے لیے نقصان دہ ہوتے ہیں۔

محققین کے مطابق نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ الٹرا پراسیس غذاؤں سے گلوکوز میٹابولزم پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں جبکہ معدے میں موجود بیکٹیریا کے افعال بھی تبدیل ہو جاتے ہیں۔


install suchtv android app on google app store

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں