[ad_1]
دنیا بھر میں صدیوں سے بیمار افراد کو چکن سوپ کا استعمال کرایا جا رہا ہے۔ ایسا مانا جاتا ہے کہ 60 عیسوی سے چکن سوپ کو مختلف امراض کے علاج کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
موسم سرما میں موسمی نزلہ زکام، فلو اور کھانسی وغیرہ جیسی بیماریاں کافی عام ہو جاتی ہیں، جن کے علاج کے لیے بیشتر افراد چکن سوپ کا سہارا لیتے ہیں۔ مگر کیا چکن سوپ کے استعمال سے ان بیماریوں سے نجات پانے میں مدد ملتی ہے یا بس ہمیں لگتا ہے کہ کوئی فائدہ ہوا ہے۔
چکن سوپ کو متعدد طریقوں سے بنایا جاتا ہے اور گوشت کے ساتھ مختلف سبزیوں کو بھی شامل کیا جاتا ہے۔
سوپ کا اپنا مخصوص ذائقہ ہوتا ہے جسے umami کہا جاتا ہے اور یہ میٹھے، نمکین، ترش اور کڑوے جیسے ذائقوں کے ساتھ 5 واں ذائقہ قرار دیا جاتا ہے۔
تو کیا اس سے فائدہ ہوتا ہے؟ تو اس کا جواب ہاں ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق چکن سوپ کے استعمال سے صحت کو فائدہ ہوتا ہے۔
اس سے ہونے والے فوائد درج ذیل ہیں۔
ہاضمہ بہتر ہوتا ہے جبکہ کھانے کی خواہش بڑھ جاتی ہے
تحقیقی رپورٹس سے ثابت ہوا ہے کہ چکن سوپ کا ذائقہ نزلہ زکام، فلو، کھانسی یا بخار کے مریضوں کی صحت بہتر بنانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ بیمار ہونے کے بعد بیشتر افراد کے کھانے کی خواہش گھٹ جاتی ہے یا وہ کچھ نہیں کھاتے، جس کے نتیجے میں جسم کو ایندھن نہیں ملتا اور مدافعتی نظام کمزور ہوتا ہے۔
مگر چکن سوپ کا ذائقہ مریض کے کھانے کی خواہش کو بڑھاتا ہے اور انہیں بھوک لگنے لگتی ہے۔ اسی طرح تحقیقی رپورٹس میں یہ بھی دریافت ہوا ہے کہ چکن سوپ کے ذائقے سے ہاضمہ بہتر ہوتا ہے۔ چکن سوپ کے استعمال سے نظام ہاضمہ کے مسائل جیسے پیٹ درد، متلی، قے اور ہیضے پر قابو پانے میں بھی مدد ملتی ہے۔
ورم کم ہوتا ہے اور نزلہ زکام سے ریلیف ملتا ہے
جب ہم بیمار ہوتے ہیں تو ہمارا جسم اس پر قابو پانے کے لیے ورم کو متحرک کرتا ہے اور خون کے سفید خلیات متاثرہ حصوں میں جاکر صحت یابی کا عمل تیز کرتے ہیں۔ نظام تنفس کے امراض جیسے نزلہ زکام اور فلو کے دوران جب ورم متحرک ہوتا ہے تو ناک بند ہو جاتی ہے یا بہنے لگتی ہے، چھینکیں، کھانسی اور بلغم گاڑھا ہونے جیسے مسائل کا سامنا بھی ہوتا ہے۔
تحقیقی رپورٹس سے ثابت ہوا ہے کہ چکن سوپ کے استعمال سے متاثرہ ٹشوز تک پہنچنے والے خون کے سفید خلیات کی تعداد میں کمی آتی ہے جس سے ناک بند ہونے یا بہنے کی شدت کم ہو جاتی ہے جبکہ ورم بھی گھٹ جاتا ہے۔
اجزا اہم کردار کرتے ہیں
چکن سوپ کی تمام اقسام سے بیماری پر قابو پانے میں مدد نہیں ملتی بلکہ اس کی تیاری کے لیے درست اجزا کا استعمال صحت کو فائدہ پہنچاتا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق گھر میں تیار کیا جانے والا چکن سوپ صحت کے لیے زیادہ بہتر ہوتا ہے کیونکہ اس سے جسم کو پروٹین ملتا ہے اور بیماری سے لڑنے مدد ملتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوپ کی تیاری کے لیے چکن کے ساتھ ساتھ لہسن، گاجر اور کالی مرچ جیسے اجزا کا استعمال کیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ چکن سوپ کی حرارت سے بھی صحت کو فائدہ ہوتا ہے کیونکہ اسے پینے سے نتھوں اور نظام تنفس کے راستوں کا درجہ حرارت بڑھتا ہے، جس سے بلغم کم ہوتا ہے۔
کم قیمت اور مزیدار چکن سوپ کیسے بنائیں؟
اس حوالے سے ماہرین نے جھٹ پٹ سُوپ بنانے کا طریقہ بتایا ہے۔
سادہ ترین سُوپ کی ترکیب بیان کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یخنی بنانے کیلیے بون لیس چکن نہیں لینی، یخنی میں جو گرم مسالہ شامل کیا جائے جس میں لونگ کالی مرچ تیز پات، زیرہ اور حسب ذائقہ نمک ملا کر اُبال لیں، اس یخنی کو ایک ماہ تک فریز کرسکتے ہیں۔
اس یخنی سوپ کو مزید بہتر اور مزیدار بنانے کیلئے کارن فلار ملا کر پکائیں، اس میں ابلا ہوا انڈا بھی شامل کرسکتے ہیں۔
ماہرین نے کا کہنا ہے کہ ایسی غذائیں ان لوگوں کے لئے بہت مفید ثابت ہوتی ہیں جو کم درجہ حرارت کے جلد زیر اثر آجاتے ہیں، اس کیلئے یہ سوپ بہت فائدہ مند ہے۔
[ad_2]