July 14, 2026
bahrain1784015517-0-600x450.webp.webp

منامہ: بحرین نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فضائی دفاعی فورس نے ایران کی جانب سے فائر کیے گئے متعدد میزائل اور ڈرون حملوں کو کامیابی سے ناکام بنا دیا ہے، جبکہ شہریوں کو حملوں کے بعد گرنے والے ملبے یا نامعلوم اشیا سے دور رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

بحرین ڈیفنس فورس کے جنرل کمانڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران منگل کی صبح بھی بحرین کو نشانہ بنانے کے لیے میزائل اور ڈرون حملے جاری رکھے ہوئے ہے، تاہم ملک کا فضائی دفاعی نظام مکمل طور پر متحرک رہا اور متعدد فضائی اہداف کو فضا ہی میں تباہ کر دیا گیا۔

بیان کے مطابق بحرین کی تمام دفاعی اور عسکری یونٹس ہائی الرٹ پر ہیں اور مملکت کی سلامتی، شہریوں اور اہم تنصیبات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

بحرینی حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ حملوں کے بعد زمین پر گرنے والے کسی بھی نامعلوم ملبے، میزائل یا ڈرون کے حصوں کو ہرگز ہاتھ نہ لگایا جائے بلکہ فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دی جائے۔

بحرین نے بتایا کہ رائل فیلڈ انجینئرنگ یونٹ کسی بھی مشتبہ یا خطرناک مواد کو محفوظ طریقے سے ناکارہ بنانے کے لیے ہر وقت تیار ہے تاکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

بحرین ڈیفنس فورس نے اپنے بیان میں کہا کہ شہری آبادی اور نجی املاک کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی ہے۔ حکام نے دفاعی اہلکاروں کی تیاری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج ہر قسم کے خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث خلیجی خطے میں سکیورٹی خدشات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور مختلف ممالک اپنی دفاعی تیاریوں کو مزید مضبوط بنا رہے ہیں۔